ہمارا کام عوام کی خدمت، پیپلز پارٹی کا کرپشن، حافظ نعیم
عوام کو کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی ناظم آباد میں اسکول کی تعمیر نو و تزئین وآرائش اور پاپوش نگر میں گراؤنڈ کا افتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا کام عوام کی خدمت جبکہ پیپلز پارٹی کا کرپشن کرنا ہے ،عوام کو اس کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کرنی اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی،آئین کے مطابق اچھی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ،کھیلوں کی سرپرستی حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے ، کراچی پاکستان کا معاشی حب،لیکن یہاں کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم اور بچوں کے لیے معیاری تعلیم نہیں، حکومت عوام سے تمام ٹیکس وصول کرتی ہے لیکن بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کرتی، تعلیم عوام کا بنیادی حق ہے اور ہر بچے کو اچھی و معیاری تعلیم ملنی چاہیے ، حکومت سرکاری اسکولوں پر توجہ دے اور انہیں مناسب سہولتیں اور وسائل فراہم کیے جائیں تو یہ بہترین تعلیمی ادارے بن سکتے ہیں۔ ناظم آباد ٹاؤن کے تحت اورنگ آباد کوارٹر، ناظم آباد میں جمال الدین افغانی اسکول کی تعمیر نو و تزئین وآرائش اور پاپوش نگر خلافت چوک پاک ونڈر گراؤنڈ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ بلدیاتی نظام میں سندھ حکومت کی جانب سے وسائل و اختیارات نہ دینے کے باوجود اختیارات سے بڑھ کر کام کررہی ہے ، ہم کام ادھورا چھوڑ کر اور فائلیں پھینک کر نہیں جائیں گے ، ہم نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ محدود اختیارات میں بھی اگر امانت و دیانت اور خدمت کے جذبے سے کام کیا جائے تو شہر کی بہتری کے لیے کام کیا جاسکتا ہے ، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ان کا جائز اختیار دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی نے اپنے 9ٹاؤن میں اب تک کراچی کے 73 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے اور ان میں داخلوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ، ہمارا عزم ہے کہ اپنی مدت مکمل ہونے تک تمام اسکولوں کو اپ گریڈ کردیں گے اور یہ اسکول اپنے علاقوں کے نجی اسکولوں کو بھی معیار کے اعتبار سے پیچھے چھوڑ دیں گے ،ہم نے اپنے ٹاؤنز میں 234پارک بحال اور 42کھیل کے میدان آباد کیے جس کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع ملے ، جماعت اسلامی تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے ۔اس موقع پر امیر کراچی منعم ظفر خان، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، امیر ضلع وسطی حارث علی خان، ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید محمد مظفر،سیکریٹری اطاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments