تھرپارکر قحط زدہ قرار، وزیراعلیٰ سندھ کا ہنگامی امدادی اقدامات کا حکم
کراچی ،تھرپارکر(سٹاف رپورٹر، نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں خشک سالی اور فصلوں کو ہونے والے شدید نقصان کا جائزہ لینے کے بعد ضلع کو قحط زدہ قرار دے دیا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور متاثرہ آبادی کو پینے کے پانی، چارے اور دیگر ضروری اشیاکی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔یہ فیصلے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیے گئے ، جس کی صدارت مراد علی شاہ نے کی۔ اجلاس میں تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں قحط جیسی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تھرپارکر کے ساتوں تعلقے خشک سالی سے متاثر ہیں اور تقریباً 85 سے 90 فیصد کاشت شدہ فصلیں تباہ ہوچکی ہیں یا قابلِ پیداوار نہیں رہیں۔ محکمہ زرعی توسیع نے فصلوں کے نقصان کا تخمینہ تقریباً 90 فیصد لگایا ہے ، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کی رپورٹس کے مطابق صرف 10 سے 15 فیصد فصلیں محفوظ رہ سکی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بارشوں کی کمی اور غیر مساوی تقسیم کے باعث زراعت، مویشیوں اور مقامی آبادی کے ذرائع معاش پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہونگے ، خصوصاً مویشیوں کے تحفظ کیلئے ، جو تھر کے لوگوں کی آمدنی اور روزگار کا اہم ذریعہ ہیں۔سید مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کو ہدایت کی کہ تمام غیر فعال ریورس اوسموسس (آر او) پلانٹس کی ترجیحی بنیادوں پر مرمت کرکے انہیں بحال کیا جائے ۔ پانی فراہمی کے موجودہ ذرائع میں خرابیوں کی نشاندہی کرکے انہیں بھی مکمل فعال بنایا جائے تاکہ مقامی آبادی کو پینے کا پانی بلا تعطل فراہم ہوسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments