ایران سے دوبارہ جنگ کا امکان انتہائی کم، ٹرمپ
بحیرہ عمان میں تجارتی جہاز پر امریکی حملہ، ہرمز میں 3ٹینکربارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے حوثیوں کے ریاض میں اہم تنصیبات پر حملے ،کئی میزائل فضا میں ہی تباہ :سعودی افواج
واشنگٹن،تہران ،ریاض ،صنعا(نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ چھڑنے کا امکان انتہائی کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت جاری رہی تو فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملے کر سکتے ہیں، تاہم امریکا پہلے ہی ایران کو شدید نقصان پہنچا چکا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ تہران امریکا کے ساتھ انتہائی مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کا کانگریس کا کنٹرول کھونے سے امریکا تاریخ میں کئی قدم پیچھے چلا گیا ہے ۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی عوام فکر نہ کریں، ان کی جماعت ریپبلکن پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آئے گی۔ادھر امریکی شہریوں نے ٹرمپ اور روبیو کیخلاف جنگی جرائم کے شواہد عالمی فوجداری عدالت میں پیش کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی ٹیکس دہندگان پر مشتمل وفد 11نومبر کو نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ پہنچے گا، جہاں ٹرمپ، روبیو اور دیگر امریکی حکام کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
وفد کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت میں درخواست دائر کر کے ٹرمپ اور مارکو روبیو کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی جائے گی۔درخواست کے ساتھ غزہ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کے حلفیہ بیانات، عینی شاہدین کی گواہیاں، ویڈیوز اور دیگر شواہد بھی جمع کرائے جائیں گے ۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد مذاکراتی عمل عارضی طور پر رک گیا ہے ۔ ان کے مطابق ثالثوں کی آمدورفت بھی گزشتہ چند روز سے بند ہے ۔ عراقچی کا کہنا تھا کہ ثالثوں کی آمدورفت دوبارہ شروع کرنے کے لیے سازگار ماحول بننے میں کچھ وقت لگے گا۔امریکی فوج نے خلیج عمان میں بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کرنے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق سینٹ کٹس کے پرچم بردار جہاز ’’ایم وی ہدیٰ‘‘ کے عملے نے ایرانی بندرگاہ سے واپسی پر ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی۔ امریکی طیارے نے جہاز کے پچھلے حصے پر درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔متحدہ عرب امارات کے سرکاری میڈیا کے مطابق خلیج عمان میں جلتے ہوئے ایک جہاز سے 22 افراد کو بچا لیا گیا۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اتوار کو آبنائے ہرمز میں ہونے والے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے باعث دھماکوں اور آتشزدگی کے واقعات میں تین تیل بردار جہازوں (آئل ٹینکرز) کوشدید نقصان پہنچا ہے ۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی کا کہنا ہے کہ امریکا کا ’آئرن گیٹ‘ منصوبہ محض الفاظ کا کھیل ہے ۔ایران کا زمینی راستوں سے محاصرہ کرنے کا امریکی منصوبہ بھی غیر اہم ہے ۔ امریکا اتنا کمزور ہے کہ وہ ان راستوں کو بند نہیں کر سکتا۔ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر کے مشیر علی بلالی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی دفاعی صنعت کے ماہرین امریکی ساختہ دفاعی سازوسامان کی ریورس انجینئرنگ کر رہے ہیں،اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کا مشن ابھی مکمل نہیں ہوا ،تہران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوششیں دوبارہ شروع کر رہا ہے ۔ ایران کی دیگر سرگرمیاں بھی اسرائیل کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ دوسری جانب یمنی حوثی گروپ نے اتوار کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں آرامکو کی ملکیت ایک بلند و بالا عمارت کو نقصان پہنچا۔
حوثیوں کے بیان کے مطابق بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے چار خصوصی فوجی کارروائیاں انجام دیں۔حملوں کا ہدف ریاض کا مالیاتی مرکز، ہوائی اڈا، آرامکو کے تیل کے ذخائر اور مشرقی سعودی عرب کا شہر ابقیق تھے ۔اس سے قبل ریاض میں آرامکو کی ایک عمارت پر حملے کی اطلاعات کے بعد سعودی وزارتِ توانائی نے تصدیق کی تھی کہ عمارت کو نقصان پہنچا ہے ، تاہم وزارت نے اس کی وجہ گرتا ہوا ملبہ قرار دیا تھا۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اتوار کی صبح متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سعودی حکام نے اعلان کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے یمنی حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت، مشرقی اور جنوبی علاقوں کی طرف داغے گئے متعدد بیلسٹک اور کروز میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے ۔سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے ابتدائی طور پر تین بیلسٹک میزائلوں اور ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کیا، جبکہ بعد ازاں ریاض اور جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے مزید دو کروز میزائلوں کو بھی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔
میزائل حملوں کے دوران ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ (کافڈ)میں واقع سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ایک اہم انتظامی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے خبر سامنے آنے کے بعد سعودی وزارتِ توانائی نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘عمارت پر میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے اسے معمولی نقصان پہنچا، تاہم کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا،متعدد عینی شاہدین نے بتایا کہ آرامکو کی عمارت کو حملے میں نشانہ بنایا گیا، ایک عینی شاہد نے بتایا کہ مالیاتی مرکز میں واقع آرامکو ٹاور کی کئی منزلوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ دو دیگر عینی شاہدین نے بھی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کی۔ان واقعات سے قبل سعودی محکمہ شہری دفاع نے ریاض کے علاقے میں ممکنہ فضائی خطرے کے پیشِ نظر ہنگامی انتباہ جاری کیا تھا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے فضائی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 افراد جاں بحق،50زخمی ہوئے ہیں۔قطر نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی ہے ۔قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملے ایک جارحانہ اقدام ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments