اسلامی ممالک باہمی تنازعات مذاکرات سے حل کریں:حافظ نعیم
مکہ دفاعی معاہدہ مسلم ممالک میں ایران، مصر، قطر، ملائیشیا اور انڈونیشیا کو شامل کیا جائے مسلم دنیا کے اختلافات کا فائدہ اسرائیل، امریکا اور دیگر مخالف قوتوں کو پہنچتا ہے :انٹرویو
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو اپنے باہمی تنازعات بیرونی مداخلت کے بغیر مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے چاہئیں۔ مسلم دنیا کے اختلافات اور تقسیم کا فائدہ اسرائیل، امریکا اور دیگر مخالف قوتوں کو پہنچتا ہے ، علاقائی طاقتوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ترکیہ کی اناطولیہ نیوز ایجنسی کو انٹرویومیں حافظ نعیم الرحمن نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی صورتحال، ایران امریکا کشیدگی، مکہ دفاعی معاہدے ، یمن کے بحران اور پاکستان افغانستان تعلقات پر خیالات کا اظہار کیا۔ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ آٹھ ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود ایران میں عوامی بغاوت کے ذریعے حکومت تبدیل کرنے کی امریکی توقع پوری نہیں ہوئی۔
پاکستان نے جون 2026 میں سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے تہران اور واشنگٹن کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمت خطے میں کشیدگی ختم کرنے کی ایک اہم پیش رفت تھی۔حافظ نعیم الرحمن نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی امریکا کے لیے ایک خطرناک مہم جوئی ہوگی۔ واشنگٹن کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں طے پانے والی مفاہمت کا احترام کرے اور علاقائی ممالک کے تحفظات کو اہمیت دے ۔مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ مسلم ممالک کے درمیان مشاورت، مشترکہ حکمت عملی اور باہمی تعاون کا ایک اہم موقع فراہم کر سکتا ہے ۔انہوں نے تجویز دی کہ اس معاہدے میں ایران، مصر، قطر، ملائیشیا اور انڈونیشیا کو بھی شامل کیا جائے تاکہ بڑی مسلم قوتیں ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہو سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح مسلم ممالک کے درمیان اعتماد بڑھے گا اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے گا۔یمن میں سعودی عرب اور حوثی تحریک کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ ایک حساس اور سنجیدہ معاملہ ہے ، جسے مزید بڑھانے سے کسی فریق کو فائدہ نہیں ہوگا۔ تمام متعلقہ ممالک کو مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے ۔پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے دونوں ممالک کے عوام کو مسلمان بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہزاروں کلومیٹر طویل سرحد ہے اور پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کا ساتھ دیا ہے ۔ افغان عوام نے پہلے روس اور پھر امریکا کے خلاف جدوجہد کرکے اپنی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کا خیرمقدم کیا تھا، تاہم سرحد پار حملوں کے واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پر سرگرم بعض گروہوں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ اسلام آباد اور کابل کو سفارتی رابطوں میں تیزی لانی چاہیے ۔
کراچی ٹی ایم سی ماڈل کالونی کے تحت رفاہ عام چوک، ملیر ہالٹ میں ماڈل محلہ اور سڑکوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے مینڈیٹ پر قبضہ کرکے صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کا حق مارا ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ نے شہر پر ایسے لوگوں کو مسلط کیا جو کرپشن اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں جانتے ۔پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باوجود جماعت اسلامی کے ٹاؤنز نے اپنی مدد آپ کے تحت ترقیاتی کاموں کے راستے نکالے ہیں۔ گلیوں کی تعمیر، پارکوں کی بحالی، سڑکوں کی صفائی اور کچرا کنڈیوں کی بہتری کے کام کیے جا رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران جب ہم ان علاقوں میں آئے تھے تو ہر طرف مٹی، ٹوٹے راستے اور گڑھے نظر آتے تھے ، لیکن آج یہاں پیور بلاکس لگائے جا رہے ہیں، صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنایا گیا ہے اور عوامی سہولیات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments