گورنر پختونخوا پشاور سے پہلی افتتاحی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے
پروازوں کی بحالی میں تعاون پروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشکور ہیں:گفتگو پی ٹی آئی کی 4فرنچائزز ،بات کس سے کریں:فیصل کنڈی، مزار اقبال پر حاضری
لاہور،پشاور(سیاسی نمائندہ ،این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ساؤتھ ایئر کی پشاور سے پہلی افتتاحی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے براہِ راست پروازیں بحال کرنے میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ محض ایک پرواز نہیں بلکہ دو صوبوں کے درمیان محبت اور روابط کے نئے دور کا آغاز ہے ،پنجاب کے مثبت تجربات پختونخوا میں بھی متعارف کرانے کی کوشش کریں گے ۔ دریں اثناء گورنر پختونخوا نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف کی 4 فرنچائزز ہیں، معلوم نہیں کس سے بات کرنی ہے ، صوبے میں امن کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں جنہوں نے خود انہیں خوش آمدید کہا، ماضی میں پختونخوا سے آنے والوں کو ڈنڈے لے کر روکا جاتا تھا ۔ گورنر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر جنازے اٹھائے جا رہے ہیں، سابق حکومت کی پالیسی جلال آباد سے چلتی تھی، اسے جمہوری حکومت کہنا درست نہیں ، تحریک انصاف کا ایک نظریہ تھا لیکن انہوں نے نفرت کو فروغ دیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے امن کا سفر شروع کیا ، آج بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوئے ہیں، مساجد کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے ، لاہور میں لوگ کاروبار کرتے اور بچے کھیل کے میدانوں میں نظر آتے ہیں ، عوام پشاور کو پھولوں کا شہر بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔ فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ ہر صوبے اور اسلام آباد کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم نے پختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments