ملک بھر میں یوم اقبالؒ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
خصوصی سیمینارز کا انعقاد، مزاراقبال ؒ پر تبدیلی گارڈز کی تقریب
لاہور(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور سمیت ملک بھر میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا 149 واں یوم ولادت گزشتہ روز 9نومبر کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر یوم اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریبات، سیمینارز اور مجالس کا انعقاد کیا گیا ،جن میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی ملی خدمات اور فلسفۂ خودی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔دریں اثناء لاہور میں مزار اقبالؒ پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ،پاکستان نیوی کے سٹیشن کمانڈر لاہورکموڈور مصباح الامین نے مزار پرپھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔مہمان خصوصی نے پاکستان رینجرز اور بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا اور مزار اقبالؒ پرمہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے ۔ ادھر مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کو ان کی عظیم قومی، علمی اور فکری خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ (ن)کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں علامہ محمد اقبالؒ کی قومی خدمات اور افکار و نظریات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔ متن کے مطابق علامہ اقبالؒ کے افکار بالخصوص نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے نظریات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ،حکومتِ پنجاب تعلیمی اداروں میں افکارِ اقبالؒ کے فروغ کیلئے خصوصی تقریبات منعقد کرے اور فلسفئہ خودی سمیت پیغامِ اقبالؒ سے متعلق آگاہی پروگرام ترتیب دئیے جائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments