پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس 25نومبر کو ماسکو میں ہوگا
روسی وزیر توانائی کی زیرصدارت اجلاس ، دو طرفہ تعاون منصوبوں کا جائزہ صحت، تعلیم تجارت سمیت مختلف شعبوں میں 10سے زائد معاہد وں پر غور
اسلام آباد (الماس حیدر نقوی)روس اور پاکستان کے بین الحکومتی کمیشن (IGC) کا 11واں اجلاس 25نومبر کو ماسکو میں ہوگا، اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ، توانائی، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں 10 سے زائد معاہدے دستخط کے لئے زیر غور ہیں ، جائزہ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی، روسی انسولین کی مقامی تیاری ، توانائی وسائل کی فراہمی بھی زیر بحث آئی ، کمیشن کی مشترکہ صدارت روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کرینگے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے ، تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے اور مشترکہ منصوبوں کی ترقی کو مزید تیز کرنے کی توقع ہے ،اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کو روسی تیار شدہ زرعی مصنوعات کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments