دھی رانی پروگرام : لاہور میں 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی

دھی رانی پروگرام : لاہور میں 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی

وزیراعلیٰ صوبے کی بیٹیوں کیلئے ماں جیسی شفقت کا مظاہرہ کر رہی ہیں :عظمیٰ بخاری مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کے گھر بسانا بڑی خدمت :سردار ایاز صادق و دیگر کا خطاب

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تحت لاہور میں 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ایڈوائزر ٹو وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے ۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ سمیت اراکین اسمبلی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں یتیم، بے سہارا اور خصوصی بچیوں سمیت مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادیوں کا اہتمام کیا گیا، 21 اقلیتی جوڑوں کی شرکت بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور یکجہتی کا خوبصورت اظہار تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر دولہا اوردلہن کو 2، 2 لاکھ روپے کی سلامی اے ٹی ایم کارڈز کی صورت میں دی گئی۔تقریب سے خطاب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج پنجاب کی وزیراعلیٰ ایک ماں، بیٹی اور بہن ہیں جو صوبے کی بیٹیوں کیلئے ماں جیسی شفقت اور محبت کا عملی مظاہرہ کر رہی ہیں، مریم نواز کے اقدامات کا مقصد سیاسی مفادات نہیں بلکہ عوام کی بہتری اور بھلائی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ دھی رانی پروگرام پنجاب حکومت کا ایک بڑا اور قابلِ تحسین منصوبہ ہے ۔ اس تقریب میں شرکت کرکے خوشی ہوئی ہے ۔ اجتماعی شادیوں جیسے اقدامات سے مستحق خاندانوں کی ایک بڑی پریشانی دور ہوتی ہے اور انہیں اپنی بیٹیوں کے گھر بسانے میں مدد ملتی ہے ۔ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے کے کمزور طبقات کیلئے عملی سہارا بنتے ہیں۔ تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی، صوبائی وزرا اور دیگر معزز مہمانوں نے دولہا ،دلہن اور ان کے اہلخانہ کومبارکباد دی، سلامی کارڈ پیش کیے اور ان کے تاثرات بھی دریافت کیے ۔اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر، ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل و دیگر بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...