مقبوضہ کشمیر: 2پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

مقبوضہ کشمیر: 2پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

اہلکار ضلع کشتواڑ سے لاپتا ہوئے تھے ،مقامی افراد نے حکام کو فائرنگ کی اطلاع دی

سرینگر،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں دو بھارتی پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک روز قبل ایک الگ حملے میں مشتبہ باغیوں نے نیم فوجی دستے کے تین اہلکاروں کو زخمی کر دیا تھا۔فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پے در پے حملوں نے خطے میں سکیورٹی سے متعلق نئے خدشات پیدا کر دئیے ہیں،حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار ضلع کشتواڑ میں مُردہ حالت میں پائے گئے، جو سرینگر سے قریباً 220 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے ۔ دونوں اہلکار ایک روز قبل اسی علاقے سے لاپتا ہوئے تھے۔

مقامی افراد نے جمعرات کی صبح فائرنگ کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی۔ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں اہلکاروں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ ایک الگ حملے میں بدھ کو ضلع کولگام میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے ۔دوسری جانب کلگام سی آر پی ایف حملے سے متعلق خبریں چلانا ہندوتوا رجیم کے حامی بھارتی میڈیا کا پرانا اور فرسودہ ہتھکنڈا ہے۔

بھارت فالس فلیگ آپریشنز کے فرسودہ ہتھکنڈوں کے ذریعے پہلے سوشل میڈیا پر اور اس کے بعد الیکٹرونک میڈیا پر پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی کرتا ہے ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق کلگام حملے کی فالس فلیگ کارروائی کسی سنجیدہ ردعمل کے قابل نہیں اور یہ سراسر جھوٹ ہے ۔بھارت کی طرف سے اندرونی انتشار اور سیاسی تفریق کے بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے وہی پرانے میڈیا ہاؤسز اور وہی پرانے چہرے استعمال کیے جا رہے ہیں، پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرنے کے لیے اسی پرانے سکرپٹ اور روایتی ہتھکنڈوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...