اسلام آباد:سرماکی پہلی بارش ٹھنڈی ہوائیں ، موسم خوشگوار
مری ،اسلام آباد(نمائندگان دنیا ،آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں موسم سرما کی پہلی بارش سے شہر اقتدار میں موسم خوشگوار ہوگیا۔آسمان پر چھائے کالے بادل برسنا شروع ہوئے تو بارش کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس کی گئی ہے اور بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چلنے لگیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ دو دن تک جاری رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔ دریں اثنا ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔گلیات اور مری میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔مری آنے والے سیاحوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا جبکہ گھروں اور ہوٹلوں میں انگیٹھیوں اور ہیٹرز کا استعمال بڑھ گیا۔دوسری جانب ہری پور سمیت تحصیل خانپور اور غازی میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش شروع ہو گئی۔چترال، سوات اور پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا ۔ادھر سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں ہلکی بارش جبکہ مہوڈنڈ میں برفباری ہوئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں جمعے کو مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments