پوسٹل انشورنس ادائیگی میں تاخیر، ہائیکورٹ کاوزارتوں کو نوٹس

پوسٹل انشورنس ادائیگی میں تاخیر، ہائیکورٹ کاوزارتوں کو نوٹس

کچہری حملہ کیس میں معاوضہ سے متعلق سیکرٹری داخلہ کی رپورٹ جمع، سماعت ملتوی CDAممبر اسٹیٹ توہین عدالت کیس میں بیان حلفی، شیشہ کیفے مقدمہ میں جواب طلب

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پوسٹل لائف انشورنس کے پنشنرز، بیواؤں اور سرکاری ملازمین کو جمع پونجی کی ادائیگی میں تاخیر کے کیس میں سیکرٹری وزیراعظم، وزارت مواصلات، خزانہ، کابینہ ڈویژن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔ وکیل اظہر صدیق نے عدالت میں موقف اختیار کیاکہ پالیسی ہولڈرز کے تقریباً 48 ارب روپے کہاں گئے ؟ وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ جواب دیں۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ میں مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، واجب الادا کلیمز کی ادائیگی کیلئے فرانزک آڈٹ کرانے کی استدعاہے۔

علاوہ ازیں جسٹس ارباب محمد طاہر نے کچہری حملہ کیس میں متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے رپورٹ جمع کرانے پر سماعت ملتوی کر دی۔ بتایاگیا کہ کابینہ اراکین کو سرکولیشن سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے ، پالیسی کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ شناخت شدہ متاثرین کے کیسز پر کارروائی کرے گی۔ مزید برآں غلط بیانی پر توہین عدالت کیس میں ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار سرفراز ڈوگر نے غیر مشروط معافی کی درخواست پر منگل تک بیان حلفی طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی بندش کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل اور ریگولیٹری فریم ورک و کاروباری اداروں کی اجازت نامے واپس لینے کے خلاف اپیل پر جواب کیلئے نوٹسز کر دیئے ۔ جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس شوکت ایاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کا حکمنامہ جاری کیا اور کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...