ہائیکورٹ :شوگر ڈویلپمنٹ سیس فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ٹینڈر روکدیا
کسی ادارے کی تشکیل کے قانونی طریقہ سے حکام انحراف نہیں کر سکتے :عدالت حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے ،ڈپٹی کمشنر راجن پور و دیگر کو پیش ہونیکا حکم
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ٹینڈر روک دیا، عدالت نے یہ عبوری حکم انڈس شوگر ملز لمیٹڈ کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ معاملہ محض انتظامی اختلاف نہیں بلکہ ایک قانونی سوال ہے کہ آیا شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز استعمال کرنے والی کمیٹی کی تشکیل متعلقہ قوانین کے مطابق ہوئی یا نہیں، قانون میں کسی ادارے کی تشکیل کا مخصوص طریقہ مقرر ہو تو انتظامی حکام اس سے انحراف نہیں کر سکتے۔
عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو آئندہ سماعت سے قبل تحریری جواب جمع کرانے جبکہ ڈپٹی کمشنر راجن پور اور متعلقہ سینئر افسر وں کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا، عدالت نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن ، فنڈز تقسیم کے فیصلے ، ترقیاتی منصوبوں اور ٹینڈرنگ کے عمل سمیت مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا جبکہ سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائی وے سرکل ڈیرہ غازی خان کی جانب سے 9 اکتوبر 2026 کو جاری ای ٹینڈر نوٹس اور کمیٹی کی جانب سے شروع یا مجوزہ تمام کارروائی آئندہ سماعت تک معطل رکھنے کا حکم بھی دے دیا ۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انڈس شوگر ملز کے علاقے سے منتخب ایم پی اے محمد اویس دریشک کو فنڈز استعمال کرنے والی کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا، متعلقہ حکام نے نشاندہی کے باجودازالہ نہیں کیا ۔ ہائیکورٹ نے سماعت ملتوی کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments