لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بدستور سرفہرست

 لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بدستور سرفہرست

شہر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبہ کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار ملتان ، مظفر گڑھ میں بھی فضائی آلودگی ،لاہور کی اوسط شرح 344 سے متجاوز

لاہور،مظفرگڑھ(خبرنگار ،نیوز ایجنسیاں ) پنجاب کے بڑے شہر لاہور اور ملتان شدید سموگ اور فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 344 سے تجاوز کر گئی، جس کے باعث لاہور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے ۔دوسری جانب ملتان میں بھی سموگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جہاں فضائی آلودگی کی اوسط شرح 507 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کے امکانات 10 فیصد ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 18 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ملتان میں بھی سموگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح مظفرگڑھ بھی شدید سموگ کی لپیٹ میں ہے ،ماہرین صحت کے مطابق سموگ فضائی آلودگی کی ایک خطرناک شکل ہے جو انسانی صحت، خصوصا بچوں اور بزرگوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے ۔ادھر لاہور میں سموگ کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سرکاری اور نجی سکولوں کیلئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ سکولوں میں طلبہ کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی سعید احمد کے مطابق سکول انتظامیہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...