تربیلا ٹنل واقعہ:متاثرہ تنصیبات کی بحالی کیلئے اقدامات شروع

 تربیلا ٹنل واقعہ:متاثرہ تنصیبات کی بحالی کیلئے اقدامات شروع

پانی کا بہاؤ روکنے کیلئے ہیوی گیٹ نصب ہوگا، ٹنل 5میں آمدورفت پرپابندی عائد

تربیلا غازی (نامہ نگار) تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے ان ٹیک میں ہونے والے سوراخ کو بند کرنے اور متاثرہ تنصیبات کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے گئے جبکہ ٹنل نمبر 5 کے آگے ہیوی گیٹ نصب کرنے اور آمدو رفت پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اس منصوبے کے ان ٹیک میں دو روز قبل سوراخ ہونے کے باعث ٹنل نمبر 5 میں بڑی مقدار میں پانی داخل ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں زیر تعمیر پاور ہاؤس پانی سے بھر گیا۔

واپڈا کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا جس کے تحت ہیوی واٹر پمپس کی مدد سے پانی کی نکاسی جاری ہے۔ متاثرہ مقام کی مرمت اور بحالی کے لیے کنٹریکٹ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹنل نمبر 5 کے آگے ہیوی گیٹ نصب کیا جائے گا، تاکہ ہنگامی صورتحال میں پانی کا بہاؤ فوری طور پر روکا جا سکے ۔منصوبے کی حفاظت کے پیش نظر اعلیٰ سطح اجلاس میں ٹنل نمبر 5 کے اندر آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حفاظتی اقدامات مکمل ہونے اور متعلقہ حکام کی اجازت تک کسی بھی شخص کو ٹنل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...