اراضی تبادلہ کیس ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گجرات کا فیصلہ کالعدم
ورثاکے حق میں سول جج کا فیصلہ بحال ، اراضی کی تقسیم کی ابتدائی ڈگری بھی ختم ورثا کا جائیداد کی ملکیت، متنازعہ انتقالات کی منسوخی ، مستقل حکم امتناعی کا دعویٰ منظور
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود نے اراضی تبادلہ کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گجرات کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ورثاکے حق میں سول جج کا فیصلہ بحال کر دیا ، عدالت نے ندیم احمد سندھو کے حق میں جاری اراضی کی تقسیم ی ابتدائی ڈگری بھی ختم کردی،عدالت نے ورثا کا جائیداد کی ملکیت، متنازعہ انتقالات کی منسوخی اور مستقل حکم امتناعی کا دعویٰ منظور کرلیا، عدالت نے قرار دیا کہ صرف انتقال درج ہونے سے کسی شخص کو جائیداد کی ملکیت حاصل نہیں ہوتی، انتقال ملکیت کی دستاویز نہیں بلکہ محض ریونیو ریکارڈ کا اندراج ہے ،عدالت نے قرار دیا کہ ملکیت ثابت کیے بغیر کوئی شخص جائیداد کی تقسیم کا حق دار نہیں ہو سکتا، متنازعہ انتقالات کے ذریعے ملکیت حاصل کرنے والے شخص کو اصل لین دین اور انتقال کی قانونی حیثیت ثابت کرنا ہوگی،فیصلے کے مطابق جائیداد کے مبینہ تبادلے کا دعویٰ کرنے والے شخص پر اصل لین دین ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، غیر منقولہ جائیداد کا محض زبانی تبادلہ اور ریونیو انتقالات ملکیت منتقل کرنے کے لیے کافی نہیں،عدالت نے قرار دیا کہ ٹرانسفر آف پراپرٹی ایکٹ کی دفعات 54 اور 118 کے تحت جائیداد کے تبادلے کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے ،فیصلے کے مطابق محمد عنایت کی جانب سے مبینہ طور پر ایک کنال اراضی کے تبادلے کا دعویٰ کیا گیا تو ان کی رضامندی اور قانونی منتقلی ثابت کرنا ضروری تھا، تاہم مبینہ تبادلے کے بدلے 7 لاکھ روپے ادائیگی کا دعویٰ بھی ثابت نہ ہو سکا۔ ریونیو اہلکاروں کے ریکارڈ میں بھی رقم کی ادائیگی یا وصولی کا کوئی ثبوت موجود نہیں تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments