نئے صوبوں کیلئے اخراجات ، وسائل مدنظر رکھنا ضروری : ملک احمد
دہشتگردی سیاسی مسئلہ نہیں جرم ہے ، سرمایہ کار ہیرو ہیں :سپیکر پنجاب اسمبلی بندوق اٹھانے والوں کے ساتھ سیاسی حل تلاش نہیں کیا جا سکتا :خطاب،گفتگو
لاہور (سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ماحول میں کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں، پاکستان میں غیر یقینی حالات کے باوجود سرمایہ کاری کرنے والے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار ہمارے ہیرو ہیں، دہشتگردی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ ایک جرم ہے ، جس کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات اور بھرپور مقابلہ ضروری ہے ،نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اخراجات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے ، جتنے زیادہ انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں گے اتنے زیادہ مالی وسائل اور بجٹ درکار ہوں گے ،جمہوریت بات چیت کا نام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں ایکسپو سینٹر لاہور میں صنعتی نمائش 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ ملک محمد احمد نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری افراد اور تجارتی برادری خراج تحسین کی مستحق ہے ،دہشتگردی کے خلاف حکومت، فیلڈ مارشل اور مسلح افواج کے عزم کو سراہتے ہیں،بندوق اٹھانے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے ساتھ سیاسی حل تلاش نہیں کیا جا سکتا بلکہ ایسے عناصر کا خاتمہ کرنا ہوگا، افغان جہاد ،افغان مہاجرین کو پاکستان آباد کرنے جیسے ماضی کے فیصلوں کے اثرات آج سامنے آ رہے ہیں، ان پالیسیوں کے نتائج ملک اور آنے والی نسلیں کئی دہائیوں سے بھگت رہی ہیں،دہشتگردی کے خلاف موجودہ عزم کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے نارمل حالات مانگتا ہوں، بھارتی سیاست دان عوام کو اپنے الیکشن کے لیے استعمال کرتے ہیں، پاکستان کی بھارت کے ساتھ دائمی نفرت نہیں ہے ،کوئی طاقت کے زور پر جغرافیہ تبدیل نہیں کر سکتا، مقابلہ معیشت کے معاملے میں ہونا چاہیے ، اگر بھارت کے ساتھ بات چیت ہوتی ہے اور رویوں میں نرمی آتی ہے تو اچھی بات ہے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ سی ایم کی قیادت میں پنجاب میں ماحول کی بہتری کے لیے اچھا کام ہو رہا ہے ، سموگ کے نام پر لاہور میں مصیبت کا سامنا ہے ، اگر بیجنگ ماڈل بھی اپنایا جائے تو سموگ کو ڈیل کرنے میں وقت لگے گا،میں عوام کا نمائندہ ہوں ، عوامی رائے یہ آجاتی ہے کہ صوبے نہیں بنانے تو پارلیمان کیسے نئے صوبے بنائے گی؟۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments