اقدام قتل کے ملزم کی سزا کالعدم ،مقدمہ ماتحت عدالت کو منتقل
استغاثہ کے گواہوں پر مؤثر جرح کیے بغیر سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی:ہائیکورٹ ملزم کی فوجداری نظرثانی درخواست منظور، 11 صفحات کاتحریری فیصلہ جاری
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کا منصفانہ ٹرائل اور ملزم کے حقِ دفاع سے متعلق اہم فیصلہ۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع فراہم کیے بغیر کسی ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔ جسٹس غلام سرور نہنگ نے اقدام قتل کے مقدمے میں ملزم عرفان عرف کالا کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت کو بھجوا دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کا وکیل مقرر نہ کرنا جرح کے بنیادی حق سے رضاکارانہ دستبرداری تصور نہیں کیا جا سکتا۔لاہور ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت منصفانہ ٹرائل اور مؤثر دفاع کے حق سے متعلق اہم قانونی اصول وضع کر دیا۔ جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملزم عرفان عرف کالا کی فوجداری نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ ملزم کو قانونی نتائج سے آگاہ کیے بغیر یہ تصور نہیں کیا جا سکتا کہ اس نے استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا حق چھوڑ دیا ہے۔ دورانِ ٹرائل ملزم جیل میں تھا اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات وکیل کی عدم موجودگی میں قلمبند کیے گئے۔ گواہوں پر جرح کا موقع فراہم کیے بغیر ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزا سنا دی تھی۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ مستحق ملزم کو مفت قانونی معاونت کے حق سے آگاہ کرنا اور اس کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کرنا عدالت کی ذمہ داری ہے ۔ تاہم لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ جرح کے بنیادی حق کے مؤثر استعمال کا موقع فراہم کیے بغیر سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔
عدالت نے ٹرائل کورٹ اور اپیلٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت بھجوا دیا۔لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ مقدمے کا دوبارہ ٹرائل استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے سے شروع کیا جائے ۔ ملزم کو اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے اور استغاثہ کے گواہوں پر مؤثر جرح کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔ اگر ملزم وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا تو اسے مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ منصفانہ ٹرائل محض قانونی تقاضا نہیں بلکہ آئین کے تحت ہر ملزم کا بنیادی حق ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments