تمباکو کمپنیوں، ڈیلرز پر اعلان کردہ خریداری کوٹہ پورا کرنالازم
تمباکو کی خریداری میں بے ضابطگیاں کاشتکاروں کے مالی نقصان کا باعث ہیں خریداری مقررہ سرکاری قیمت کے تقاضوں کے مطابق ہونا ضروری :تحقیق
اسلام آباد(نامہ نگار)تمباکو کی خریداری میں بے ضابطگیاں کاشتکاروں کے مالی نقصان کا باعث ہیں، آئی پی او آر کی تحقیق میں اہم انکشاف ہوا ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کی جانب سے کی گئی ایک آزادانہ تحقیق میں پاکستان ٹوبیکو بورڈکے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد میں اہم خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ پاکستان میں تمباکو کی فصل پیداوار، مارکیٹنگ اور خریداری کے طریقہ کار کا جائزہ کے عنوان سے کی گئی اس تحقیق میں صوابی، مردان اور چارسدہ کے 1200 تمباکو کاشتکاروں سے سروے کیا گیا،پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے موجودہ ضابطہ جاتی نظام کے تحت تمباکو کی خریداری حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اوسط وزنی قیمت کے تقاضوں کے مطابق ہونا ضروری ہے ،اس کے علاوہ تمباکو کمپنیوں اور ڈیلرز پر لازم ہے کہ وہ اپنے اعلان کردہ خریداری کوٹے پورے کریں۔ تحقیق کے مطابق 45 فیصد کاشتکاروں کے پاس تمباکو کی کاشت سے قبل خریداری کا کوئی تحریری معاہدہ موجود نہیں تھا، جبکہ 52 فیصد کاشتکاروں نے بتایا کہ انہوں نے ایسے خریداروں کو تمباکو فروخت کیا جن کے ساتھ ان کا کوئی براہِ راست تحریری معاہدہ نہیں تھا،تحقیق میں قیمتوں کے حوالے سے بھی نمایاں فرق سامنے آیا، بین الاقوامی کمپنیوں کو تمباکو فروخت کرنے والے کاشت کاروں کو اوسطاً 720 روپے فی کلوگرام قیمت ملی، جبکہ دیگر کمپنیوں کو فروخت کرنے والوں کو 559 روپے اور ڈیلرز کو فروخت کرنے والوں کو صرف 471 روپے فی کلوگرام موصول ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments