چین:تاریخی سہ فریقی اجلاس،ٹرمپ ،پیوٹن،شی کی ملاقات،چینی صدر نے ایئرپورٹ پر خود استقبال کیا
تینوں رہنماؤں کی استقبالیہ تقریب میں شرکت،ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن فورم کا آج اجلاس ، یوکرین اور ایران جنگ، جوہری پھیلاؤ، تجارتی کشیدگی ، اے آئی پر گفتگو کا امکان بیجنگ ، ماسکو کے تعلقات پہاڑ کی طرح مضبوط ،طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے ،امریکا سے تعمیری و مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں، چینی صدر، شینزن میں سخت سکیورٹی انتظامات
شینزن (نیوز ایجنسیاں)چین میں تاریخی سہ فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکی صدر ٹرمپ چین کے شہر شینزن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال چینی صدر شی جن پنگ نے کیا۔ٹرمپ کا طیارہ شینزن باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا جہاں ان کے استقبال کیلئے سرخ قالین بچھایا گیا تھا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے ایئرپورٹ پر خود امریکی صدر کا خیر مقدم کیا۔ٹرمپ شینزن میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم کے اجلاس کے موقع پر چین پہنچے ہیں، جہاں ان کی شی جن پنگ اور روسی صدر پیوٹنکے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے ۔اس سے قبل شی جن پنگ اور پیوٹنکے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو سراہا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے ۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نے عالمی بے یقینی اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے ، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔شینزن میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے باعث غیر معمولی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے ۔ہوائی اڈے پر ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان مصافحے اور معانقے کے بعد امریکی صدر نے بعد میں ایک استقبالیہ تقریب سے قبل پیوٹن سے بھی ملاقات کی اور خیر سگالی کے کلمات کا تبادلہ کیا۔توقع ہے کہ ٹرمپ اور پوتن آج جمعرات کو سربراہی اجلاس کے موقع پر الگ سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس میں یوکرین میں جاری جنگ پر بھی گفتگو ہو سکتی ہے ۔تاہم ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم (ایپیک) کے دوران اصل توجہ جمعرات کو ہونے والے امریکا، چین اور روس کے مذاکرات پر ہو گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب تینوں رہنما ذاتی طور پر ایک ساتھ ملاقات کریں گے ۔
اگرچہ اجلاس کا مکمل ایجنڈا عوام کے سامنے نہیں لایا گیا، تاہم مختلف اشارے ملے ہیں کہ یوکرین اور ایران کی جنگوں، جوہری پھیلاؤ، تجارتی کشیدگی اور مصنوعی ذہانت میں پیش رفت جیسے موضوعات زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔بدھ کے روز یہ واضح نہیں تھا کہ ٹرمپ اور پوتن کے درمیان علیحدہ ملاقات کس نوعیت کی ہو گی، تاہم کریملن کے ایک ترجمان نے اشارہ دیا کہ مختصر غیر رسمی بات چیت بڑے وفود کی موجودگی کے بغیر بھی ہو سکتی ہے ۔چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تعمیری اور مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں۔روئٹرز کے مطابق شینزن میں عشائیے کی تقریب سے قبل سرخ قالین پر تینوں رہنما ایک ہی مقام پر موجود تھے ۔ روسی صدارتی دفتر کریملن کے پول رپورٹرز کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، جب پیوٹن وہاں آتے ہیں۔ویڈیو میں ٹرمپ اور پوتن ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے اور گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان اگست 2025 میں الاسکا میں ہونے والی روس امریکا سربراہی ملاقات کے بعد یہ پہلی براہِ راست ملاقات ہے ۔تینوں رہنماؤں کی با ضابطہ سہ فریقی ملاقات جمعرات کو متوقع ہے ، جس میں بین الاقوامی امور اور عالمی امن سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے ۔علاوہ ازیں جاپان کی وزیراعظم تاکائچی اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے سرکاری دورے پر چین پہنچ گئیں۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وہ ایپک سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر شین ژین پہنچی ہیں۔ ایک سال قبل تائیوان سے متعلق ان کے بیان کے بعد جاپان اور چین کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ تائیوان کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات خطے میں سفارتی تناؤ کا اہم سبب بنے ہوئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments