اسلام 2035 تک دنیا کا سب سے بڑا مذہب : امریکی ادارے کی رپورٹ
مسلمانوں کی تعداد 2ارب 57کروڑ تک پہنچ سکتی ، وجہ شرح پیدائش ،ہندوؤں اور یہودیو ں کے تناسب میں کمی مسیحی 2ارب 52کروڑ تک پہنچ سکتے ،اسلام چھوڑنے والوں کی تعداد نسبتاً کم ،امریکا میں مسیحی اکثریت ختم ہو گی
واشنگٹن (رائٹرز) اسلام آئندہ دہائی کے وسط تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ مسلم آبادی میں شرح پیدائش کا دیگر مذاہب کے مقابلے میں زیادہ ہونا ہے۔ امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر نے بدھ کو جاری کردہ اپنی نئی تحقیق میں یہ پیش گوئی کی ہے ۔تحقیق کے مطابق مسیحیت صدیوں سے دنیا کا سب سے بڑا مذہب رہی ہے، تاہم مسلم آبادی میں اضافے کی رفتار کہیں زیادہ ہے۔ اندازوں کے مطابق 2035 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 57 کروڑ جبکہ مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے ۔پیو ریسرچ کے مطابق اگر آبادی میں اضافے کے موجودہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ اور مسیحیوں کی تعداد 3 ارب ہوجائے گی۔ اس وقت دنیا کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 37 فیصد جبکہ مسیحیوں کا تناسب تقریباً 29 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ 2020 میں مسلمانوں کا عالمی آبادی میں حصہ 26 فیصد تھا۔
تحقیق میں اس تبدیلی کی بنیادی وجہ مسلم دنیا میں شرح پیدائش کو قرار دیا گیا ہے ۔ 2020 سے 2025 کے دوران ایک مسلمان خاتون کے ہاں اوسطاً 3.1 بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچے فی خاتون رہی۔دیگر تمام مذہبی گروہوں میں مجموعی شرح پیدائش 1.6 بچے فی خاتون رہی، جو آبادی کی ایک نسل کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری 2.1 کی شرح سے کم ہے ۔پیو ریسرچ کے مطابق مسلمانوں اور مسیحیوں کی آبادی میں تبدیلی کا سب سے بڑا سبب پیدائش اور اموات کا فرق ہے ، تاہم مذہب تبدیل کرنے کا رجحان بھی اس میں کردار ادا کرے گا۔تحقیق کے مطابق 2020 سے 2070 کے دوران اسلام اور عیسائیت دونوں اپنے مذہب سے وابستگی چھوڑنے والے افراد کی تعداد کے باعث پیروکار کھوئیں گے ، تاہم مسلمانوں میں یہ کمی نسبتاً کم ہوگی۔
اندازے کے مطابق اس عرصے میں اسلام چھوڑنے والوں کی تعداد 80 لاکھ جبکہ عیسائیت چھوڑنے والوں کی تعداد 10 کروڑ 50 لاکھ ہوسکتی ہے۔ دنیا کی مجموعی آبادی میں 2020 سے 2070 کے درمیان 29 فیصد اضافے کا امکان ہے ۔ اس عرصے میں اسلام اور مسیحیت وہ دو بڑے مذہبی گروہ ہوں گے جن کی آبادی میں اضافہ عالمی آبادی کی مجموعی شرح نمو کے برابر یا اس سے زیادہ رہے گا۔ مسلمانوں کی آبادی میں 80 فیصد جبکہ عیسائیوں کی آبادی میں 30 فیصد اضافے کا تخمینہ ہے ۔ہندوؤں کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہوگا، تاہم عالمی آبادی میں ان کا تناسب کم ہوکر 2070 میں 13.6 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔ یہودی آبادی کا تناسب بھی کم ہوکر 0.17 فیصد ہوسکتا ہے ۔ بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد اور عالمی آبادی میں ان کا حصہ دونوں کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق بہائی، تاؤ مت، جین مت، سکھ مت اور مختلف مقامی مذاہب کے پیروکاروں کی مجموعی تعداد میں معمولی اضافہ ہوگا، تاہم 2070 تک عالمی آبادی میں ان سب کا مشترکہ تناسب 2 فیصد سے کم رہنے کا امکان ہے ۔اسی طرح کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد، جن میں ملحد اور لاادری بھی شامل ہیں، کا عالمی آبادی میں تناسب 2020 کے 24 فیصد سے کم ہوکر 2070 میں 17 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔دنیا میں مذاہب کی جغرافیائی تقسیم بھی تبدیل ہورہی ہے ۔ 2070 تک امریکا میں عیسائیت سب سے بڑا مذہب تو رہے گی، تاہم عیسائی وہاں اکثریت میں نہیں ہوں گے۔ اس دوران جمہوریہ کانگو امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں عیسائیوں کی سب سے بڑی تعداد والا ملک بن سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد کی تعداد بیشتر ممالک میں بڑھے گی، تاہم چین کی آبادی میں متوقع کمی اس اضافے کو مجموعی طور پر کم کردے گی۔ دنیا کے غیر مذہبی افراد کی بڑی تعداد اس وقت چین میں رہتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments