گوادر : بس، گیس نائوزر میں تصادم ،آگ لگ گئی، 10 افراد جھلس کر جاں بحق
بس تربت سے کراچی جا رہی تھی ، مسافر مدد کے لیے پکارتے رہے ،جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل 27زخمی ہسپتال منتقل،واشک کی تحصیل بسیمہ میں ٹرک اور مسافر بس میں تصادم ،4افراد جاں بحق ،5زخمی
کوئٹہ، گوادر، واشک (سٹاف رپورٹر، نامہ نگاران )بلوچستان میں دو مختلف سڑک حادثات میں کم از کم 14افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے ہیں،پہلا حادثہ گزشتہ صبح بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کی تحصیل اورماڑہ سے تقریبا ً 60کلومیٹر دور تاجی کور کے مقام پر پیش آیا جہاں مکران کوسٹل ہائی وے پر تربت سے کراچی جانے والی مسافر بس اور گیس بائوزر میں تصادم ہو گیا، ایس پی محمد اسلم بنگلزئی کے مطابق تصادم کے فور ا ً بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جو تیزی سے پھیل گئی، 10افراد جھلس کر چل بسے ،جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچوں سمیت 8 دیگر مسافر اور گیس باؤزر کے 2 ڈرائیور شامل ہیں،لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کردی گئیں جن کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس کے مطابق 27زخمیوں کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بعض معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی، ایک عینی شاہد محمد بخش نے بتایا کہ تصادم کے بعد آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث مسافر کوچ میں پھنسے افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا،انہوں نے بتایا کہ اس دوران جلتی بس سے مسافروں کی مدد کے لیے پکارنے اور چیخنے کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں تاہم با ئوزر کے پھٹنے کے خوف سے لوگ قریب نہیں جارہے تھے ،کئی مسافر زندہ جل گئے ۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں ٹرک اور مسافر بس کے تصادم میں 4افراد جاں بحق اور 5زخمی ہو گئے ، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments