اماراتی ہر اپیلٹ عدالتی ڈگری یہاں قابل عمل نہیں : سپریم کورٹ
صرف نوٹیفکیشن میں اعلیٰ عدالت قرار دی گئی عدالتوں کی ڈگریوں پر ہی عملدرآمد ہو سکتا انجینئرنگ کائنیٹکس لمیٹڈ کی اپیل منظور، لاہور ہائیکورٹ و ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) متحدہ عرب امارات کی ہر اپیلٹ عدالت کی ڈگری پاکستان میں قابلِ عملدرآمد نہیں، سپریم کورٹ نے اہم قانونی اصول طے کر دیا۔ پاکستان میں صرف ان غیر ملکی عدالتوں کی ڈگریوں پر براہِ راست عملدرآمد ہو سکتا جنہیں وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن کے ذریعے اعلیٰ عدالت قرار دیا ہو، عرب امارات کی کسی مقامی عدالتِ اپیل کو محض اپیلٹ عدالت ہونے کی بنیاد پر وفاقی عدالتِ اپیل تصور نہیں کیا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے انجینئرنگ کائنیٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ کی اپیل منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور کہا کہ وفاقی حکومت کے 6 مارچ 2007ء کے نوٹیفکیشن کے تحت متحدہ عرب امارات کی وفاقی عدالتِ اپیل کو پاکستان میں براہِ راست عملدرآمد کیلئے اعلیٰ عدالت تسلیم کیا گیا جبکہ ابوظہبی کی عدالتِ اپیل اس نوٹیفکیشن کے دائرے میں نہیں آتی۔ دو رکنی بینچ میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت خان شامل تھے ۔ دونوں ججوں میں اختلاف رائے کے بعد معاملہ ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی کو بھجوایا گیا جنہوں نے جسٹس منیب اختر کے مؤقف سے اتفاق کیا۔ دو ایک کی اکثریت سے اپیل منظور کر لی گئی جبکہ جسٹس عرفان سعادت خان نے اختلافی فیصلہ دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments