پنجاب سندھ کی تقسیم پر پی پی تضاد کی وضاحت چاہیے : ملک احمد

پنجاب سندھ کی تقسیم پر پی پی تضاد کی وضاحت چاہیے : ملک احمد

عوام کی رائے لینا ہی ریفرنڈم،قومی فیصلوں پر جماعتوں کو مل بیٹھنا چاہیے امید ہے مریم ،بلاول ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کردارادا کرینگے

لاہور(سیاسی نمائندہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عوام کی رائے لینا ہی ریفرنڈم ہے ، بڑے قومی فیصلوں پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنی چاہیے ، صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر وسیع تر مشاورت ضروری ہے ، وہ صوبوں کی تشکیل یا تقسیم کے حق یا مخالفت میں کوئی حتمی مؤقف نہیں دے رہے تاہم کم از کم اس معاملے پر بات تو ہونی چاہیے ۔ پنجاب کی تقسیم کی حمایت اور سندھ کی تقسیم کی مخالفت کے درمیان پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤقف میں پائے جانے والے تضاد کی وضاحت ہونی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ براہِ راست جمہوریت، جمہوریت کی ایک اہم اور اعلیٰ شکل ہے، آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش اسی لیے رکھی گئی ہے تاکہ اہم قومی معاملات پر عوام سے براہِ راست رائے لی جا سکے۔

جب عوامی نمائندے اسمبلیوں میں اپنی رائے دے سکتے ہیں تو عوام کو بھی براہِ راست اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے ۔ صوبوں کی تقسیم جیسے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ قیادت کو اعتماد میں لے کر سنجیدہ بحث ہونی چاہیے ۔ عوام پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں سے بھی بڑی حیثیت رکھتے ہیں اور جمہوریت کا اصل مقصد اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانا ہے ۔ عوامی محرومیوں کی وجوہات میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، تعلیم، آبادی میں اضافہ، غربت اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی شامل ہیں۔ ان مسائل کا حل محض انتظامی تبدیلیوں کے بجائے مؤثر حکمرانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف سے توقع ہے کہ وہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

حکومت کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ بڑے قومی فیصلوں پر تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کی آرا سننے کے بعد آگے بڑھے اور کسی معاملے میں عجلت سے کام نہ لے ۔9 مئی کے واقعات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ ان واقعات کو جرم سمجھتے ہیں، فوجی تنصیبات پر منظم حملوں کو کسی صورت سیاسی حق قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے مسائل کا حل بھی سنجیدہ مکالمے اور زمینی حقائق کا جائزہ لینے میں ہے ۔ ماضی کی افغان جنگوں اور قبائلی علاقوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ موجودہ مشکلات کا مؤثر اور پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...