پاکستان نیوی کا بحیرہ عرب میں آپریشن، 310 کلو منشیات برآمد
کراچی (دنیانیوز) پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (آر ایم ایس پی) پر تعیناتی کے دوران پاکستانی ساحل سے دور منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 310.8 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کارروائی کے دوران جہاز نے ایک مشتبہ کشتی کو روک کر اس کی تلاشی لی۔ بورڈنگ اور سرچ ٹیم نے کشتی میں خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 310.8 کلوگرام منشیات برآمد کی۔ ضبط شدہ منشیات مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کی جائے گی۔ یہ کارروائی پاک بحریہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بورڈنگ و سرچ آپریشنز میں اعلیٰ تربیتی معیار کی عکاس ہے ۔ پاک بحریہ کی سمندر میں مسلسل موجودگی اور ہمہ وقت نگرانی کے باعث بحیرہ عرب اور وسیع تر خطے میں غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کا سلسلہ جاری ہے ۔ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ، سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور علاقائی بحری سلامتی و استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments