ریفرنڈم کی حمایت بانی کی منظوری سے مشروط : تحریک انصاف
بلاول بیان دیتے ، ان کے والد سے ملاقات کے بعد معاملہ ختم:شیخ وقاص اصلاحات کے حامی، حکومت کو مساوی معاملات کرنے پڑیں گے :گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف نے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کیلئے ممکنہ ریفرنڈم کی حمایت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے مشروط کردیا، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے کہا ہے کہ ریفرنڈم کو ماننے کاحتمی فیصلہ بانی ہی کریں گے ، بانی پی ٹی آئی تو کہہ چکے میرا بس چلے تو ہر ڈویژن کو صوبہ بنا دوں، ہمارا مؤقف ہے کہ ریفرنڈم آئین کی شق کا متبادل تو نہیں ہو سکتا۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم فارم 47 کی حکومت اور ان کے ایم این ایز کو قبول نہیں کرتے تو ان کے ریفرنڈم کو کیسے قبول کر سکتے ہیں لیکن ریفرنڈم کے معاملے پر کور کمیٹی میں بحث ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے حتمی فیصلہ نہیں کیا کہ پارلیمانی کمیٹی جوائن کریں یا نہیں ، ہم انتخابی اصلاحات کے حق میں ہیں لیکن حکومت کو بھی مساوی معاملات کرنے پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بانی کی ذات اور صحت کے حوالے سے بیان کو ویلکم کرتے ہیں لیکن انہوں نے باقی جو باتیں کیں وہ سمجھ سے باہر ہیں، وہ پہلے اپنے گورنرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے استعفی دلوائیں اور آئیں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ جائیں،بلاول بھٹو بیان دیتے ہیں پھر ان کے والد سے ملاقات کے بعد معاملہ بیٹھ جاتا ہے اورپیپلز پارٹی پرانی تنخواہ پر واپس چلی جاتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments