دسمبرمیں طاقتورایل نینو، غیرمتوقع بارشیں،گرمی کا امکان
سمندری سطح کا درجہ حرارت معمول سے 3.7 سینٹی گریڈ بڑھنے کی پیش گوئی موجودہ ایل نینو کے اثرات سے بعض علاقوں میں فصلوں کو بھاری نقصان کا خدشہ ایل نینو فروری تک برقرار ،پاکستان سمیت مختلف ممالک متاثر ہونیکا امکان
اسلام آباد (ماہتاب بشیر)پاکستان سمیت جنوبی ایشیا اور دنیا کے مختلف خطوں میں موسمیاتی تبدیلیوں، غیر متوقع بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی مظہر ‘‘ایل نینو’’ دسمبر میں اپنی انتہا کو پہنچنے سے قبل مزید شدت اختیار کرے گا جو 1950 کے بعد ریکارڈ کیے جانے والے طاقتور ترین ایل نینو واقعات میں سے ایک ثابت ہو سکتا ہے ۔عالمی موسمیاتی تنظیم (ڈبلیو ایم او) نے اپنی ماہانہ گلوبل سیزنل کلائمیٹ اپ ڈیٹ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ اس مظہر کے نتیجے میں دنیا کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ بڑھ سکتا ہے اور بارشوں کے نظام میں تبدیلی آ سکتی ہے ، جس سے مختلف خطوں میں خشک سالی اور سیلاب کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ تنظیم کے مطابق ایل نینو دسمبر میں اپنی متوقع انتہا تک پہنچنے سے قبل مسلسل شدت اختیار کرتا رہے گا۔ایل نینو ایک قدرتی موسمیاتی عمل ہے جس میں وسطی اور مشرقی استوائی بحرالکاہل کی سطح کا درجہ حرارت غیر معمولی طور پر گرم ہو جاتا ہے جو عالمی ہواؤں، ہوا کے دباؤ اور بارشوں کے انداز میں بڑی تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے۔
یہ مظہر عموماً ہر دو سے سات سال بعد وقوع پذیر ہوتا ہے اور نو سے بارہ ماہ تک برقرار رہتا ہے جس کے بعد اس کا سرد متبادل ‘‘لا نینا’’ یا معتدل موسمیاتی حالات کا دور آتا ہے ۔ڈبلیو ایم او نے 13 سرکردہ قومی اور بین الاقوامی موسمیاتی مراکز کے اتفاق رائے کی بنیاد پر بتایا ہے کہ اکتوبر، نومبر اور دسمبر 2026 کے دوران وسطی اور مشرقی استوائی بحرالکاہل کی سطح کا درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچنے کی توقع ہے ۔ عالمی موسمیاتی تنظیم کی سیکرٹری جنرل سیلسٹے ساولو نے کہا کہ ایل نینو پوری طرح مستحکم ہو چکا ہے اور تیزی سے طاقت پکڑ رہا ہے ۔ ان کے مطابق اس بات کا تقریباً 100 فیصد امکان ہے کہ یہ مظہر فروری 2027 تک برقرار رہے گا اور 1950 کے بعد کے طاقتور ترین ایل نینو واقعات میں شمار ہو گا۔سیلسٹے ساولو نے واضح کیا کہ ایل نینو خود اضافی حرارت پیدا نہیں کرتا بلکہ سمندر میں ذخیرہ شدہ حرارت خارج کرتا ہے ۔ چونکہ اس وقت سمندر کی سطح تاریخی طور پر گرم ترین ہے ، اس لیے خارج ہونے کے لیے کہیں زیادہ حرارت موجود ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وسطی اور مشرقی استوائی بحرالکاہل میں سمندری سطح کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا اشاریہ جون میں معمول سے 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا، جو اگست میں بڑھ کر 2.5 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ اکتوبر تا دسمبر کے دوران اس کے معمول سے 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ یہ اضافہ 2015-16 کے ایل نینو کے 2.6 ڈگری کے سابقہ ریکارڈ کو بھی توڑ سکتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایل نینو نے 2023 کو تاریخ کا دوسرا گرم ترین اور 2024 کو گرم ترین سال بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس دوران عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کی اوسط سے 1.55 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اگرچہ ایل نینو عموماً نومبر سے فروری کے درمیان اپنے عروج پر پہنچتا ہے ، تاہم اس کے نتیجے میں عالمی درجہ حرارت میں اضافہ اکثر بعد میں محسوس کیا جاتا ہے ۔ڈبلیو ایم او کے مطابق موجودہ ایل نینو پہلے ہی بعض علاقوں کو شدید متاثر کر رہا ہے ۔ وسطی امریکہ کے کچھ حصوں میں اس سے منسلک خشک سالی کے باعث مویشیوں کی ہلاکت اور فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments