مزاحمت کی توانا آوازخاموش،حسین نقی انتقال کرگئے
نماز جنازہ ماڈل ٹاؤن میں ادا ، کل جامعہ المنتظر میںقرآن خوانی صدر ،وزیراعظم ،وزیراعلیٰ ، بلاول ،حافظ نعیم ودیگر کی تعزیت
لاہور،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) لاہور پریس کلب کے سابق صدر،سینئر صحافی و انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، مرحوم کی نمازِ جنازہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کر دی گئی جس میں صحافیوں، سیاستدانوں، انسانی حقوق کمیشن کے رہنماؤں ،دانشوروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، ماڈل ٹاؤن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کل بروز منگل بعدازنماز ظہر جامعہ المنتظر میں ہوگی، مرحوم کے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔ دوسری طرف صدرِ آصف زرداری ،وزیرِ اعظم شہباز شریف ، وزیراعلٰی مریم نواز ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن،وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے حسین نقی کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہو گیا ،وہ اصولوں کے صحافی تھے ، جنہوں نے زندگی بھر آزادی اظہار، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے لیے بے خوف آواز بلند کی،اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حسین نقی کی وفات سے جدوجہد، مزاحمت اور اصولی مؤقف کے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا ،وہ پاکستان میں ترقی پسند نظریات کی دیانت دارانہ تصویر تھے جنہوں نے زندگی بھر مشکلات اور پابندیوں کے باوجود اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ مریم نواز نے بھی سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حسین نقی کی صحافتی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی اور ان کی خدمات کوہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حسین نقی شعبہ صحافت میں استاد کا درجہ رکھتے تھے ،پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں حسین نقی کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments