اراکین اسمبلی و سینیٹ کو 31دسمبر تک گوشوارے جمع کرانے کا حکم
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) الیکشن کمیشن نے اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو مالی سال 26-2025 کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے 31 دسمبر2026 تک جمع کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔۔۔
، الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین کیلئے لازمی ہے کہ وہ 30 جون تک کے اپنے ، شریکِ حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ یا اس سے قبل کمیشن کے پاس جمع کرائیں۔ سیکشن 137 کی ذیلی شق 2 کے تحت کمیشن یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے نام شائع کرے گا، 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی اور گوشواروں کی فراہمی تک وہ پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔ اگر کوئی رکن پیش کردہ گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر بدعنوانی کے جرم کی پاداش میں کارروائی کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments