سیدپور ویلیج میں بلڈوزرنہیں چلانا، بندہ چالیس 50سال سے رہ رہا ، کیسے نکالیں گے ؟:اسلام آبادہائیکورٹ
پٹیشنرز کو مطمئن کرنا عدالت اور سی ڈی اے کا کام ، یہ کیسے حل کریں گے ، یہ ٹاسک ہے آپ کے پاس:جسٹس انعام امین آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں درخواستوں پر فیصلہ کریں:ریمارکس، سی ڈی اے بورڈ کو30 روز میں فیصلہ کرنیکاحکم
اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے ماڈل ویلیج سیدپور کے رہائشیوں کے گھروں کی غیر قانونی مسماری اور جبری اقدامات سے تحفظ کے کیس میں معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھیج کر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا اور کہاآئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں پٹیشنرز کی درخواستوں پر فیصلہ کرے ، بلڈوزر نہیں چلانا ، یہ کیسے حل کریں گے یہ ٹاسک ہے آپ کے پاس۔ ایک بندہ پچھلے چالیس پچاس سال سے رہ رہا ہے اپنے آبا و اجداد کے ساتھ، اس کو کیسے وہاں سے نکالیں گے ، پٹیشنرز کو مطمئن کرنا عدالت اور سی ڈی اے کا کام ہے ۔ وکیل سی ڈی اے نے کہا سید پور کو ماڈل ویلیج بنانے کا فیصلہ 2011 میں سی ڈی اے نے واپس لیا تھا ، جسٹس انعام امین نے کہا آج 2026 ہے ، سی ڈی اے نے آج اس پر عمل کرنا ہے ۔ وکیل نے کہا قبضہ مافیا سے ڈیل نہیں کر رہے ، زبردستی نہیں نکالا جا سکتا، معاوضے کی ادائیگی بنیادی حق ہے ۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ آپ 2026 میں یہ سب کہہ رہے ہیں،وکیل نے کہاکہ کہیں کم رقم ادا کرنے کا کہا جا رہا ہے ، عدالت نے معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھیجتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments