دو دہائی بعد پرتگالی وزیر خارجہ کا دورہ ، تعلقات میں نئی پیشرفت

دو دہائی بعد پرتگالی وزیر خارجہ کا دورہ ، تعلقات میں نئی پیشرفت

مشترکہ وزارتی کمیشن قائم، اسحاق ڈار نے لزبن اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کی

  اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرلیا۔ تقریباً دو دہائیوں بعد کسی پرتگالی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا۔ دورے کے دوران انہوں نے صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات اور ون آن ون ملاقات بھی کی۔دورے کی اہم پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام پر اتفاق تھا۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو کمیشن کے پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے لزبن آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔دورے کے دوران پاکستان پرتگال بزنس فورم کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پرتگال کی 20 کمپنیوں نے شرکت کرتے ہوئے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔ دونوں ممالک نے زراعت، زیتون کی کاشت اور اس سے متعلق مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن، ٹیکسٹائل، سیاحت، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، افرادی قوت کی نقل و حرکت، تعلیم، بحری روابط اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...