میر رضا کیس:جے آئی ٹی کا سوشل میڈیا کے ریکارڈ کیلئے عدالت سے رجوع

میر رضا کیس:جے آئی ٹی کا سوشل میڈیا کے ریکارڈ کیلئے عدالت سے رجوع

واقعہ کی ترتیب سمجھنے ، رابطوں میں افراد کی شناخت میں معاون ثابت ہوسکتا ،تفتیشی افسر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں مقتول اور دو مشتبہ افراد کے سوشل میڈیا اور میسجنگ اکاؤنٹس کا ڈیجیٹل ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے جے آئی ٹی نے عدالت سے رجوع کرلیا۔ تفتیشی افسر نے واٹس ایپ، انسٹاگرام، فیس بک، ایپل میسنجر اور اسنیپ چیٹ سمیت مختلف پلیٹ فارمز کا ریکارڈ حاصل کرنے کی اجازت طلب کرلی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جے آئی ٹی کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی فرید خان نے مقتول میر رضا، مشتبہ افراد علی شاز اور ان کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے درخواست دائر کی۔ تفتیشی افسر کے مطابق مشتبہ افراد کے واٹس ایپ، انسٹاگرام، فیس بک، ایپل میسنجر، اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس کی تفصیلات اور ریکارڈ تفتیش کے لیے درکار ہیں۔ ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے مقتول اور مشتبہ افراد کے درمیان رابطوں، سرگرمیوں اور ممکنہ روابط کا سراغ لگایا جاسکتا ہے ، جو واقعہ کی ترتیب سمجھنے ، ممکنہ رابطوں میں رہنے والے افراد کی شناخت اور شواہد جمع کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے ۔

عدالت کو بتایا گیا کہ متعلقہ کمپنیوں سے 22 جولائی سے 29 جولائی کے درمیان کا ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ رکھنے کی درخواست کی گئی ہے ، جبکہ این سی سی آئی اے سے بھی رابطہ کیا گیا، تاہم عدالتی اجازت نہ ہونے کے باعث مطلوبہ کارروائی آگے نہیں بڑھائی جاسکی۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ سروس پرووائیڈرز کو قانونی طریقہ کار کے تحت ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں، جبکہ میٹا پلیٹ فارمز، ایپل، لنکڈ اِن اور اسنیپ چیٹ سمیت متعلقہ کمپنیوں کے قانونی نمائندوں کو بھی احکامات جاری کیے جائیں تاکہ قتل کیس کی تحقیقات میں مطلوبہ ڈیجیٹل شواہد حاصل کیے جاسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...