پاکستانی خاتون سے شادی پاکستان اوریجن کارڈ کا غیر مشروط حق نہیں : ہائیکورٹ

 پاکستانی خاتون سے شادی پاکستان اوریجن کارڈ کا غیر مشروط حق نہیں : ہائیکورٹ

بھارتی نژاد ہونا بھارتی شہریت کا ثبوت نہیں، آرٹیکل 35 بھی غیر ملکی شوہر کو کارڈ کا حق نہیں دیتا:جسٹس اجمل ڈاکٹر طلحہ معاذ کی پی او سی جاری کرنے کی درخواست مسترد، سکیورٹی کلیئرنس کے تقاضے پورے کرنا لازم قرار

 لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی نژاد امریکی شہری کی پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی)جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاکستانی خاتون سے شادی کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کا غیر مشروط قانونی حق نہیں دیتی، قومی سلامتی اور سکیورٹی کلیئرنس کے تقاضے پورے کیے بغیر کارڈ جاری نہیں کیا جا سکتا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اجمل زاہد نے  ڈاکٹر طلحہ معاذ غلام جیلانی کی آئینی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ پاکستان اوریجن کارڈ کا اجرا درخواست گزار کا خودکار یا غیر مشروط قانونی حق نہیں بلکہ اس کے لیے متعلقہ قانونی اور سکیورٹی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں،درخواست گزار بھارتی نژاد امریکی شہری ہے ، کسی شخص کا بھارتی نژاد ہونا بذات خود اس کی بھارتی شہریت کا ثبوت نہیں اور نہ ہی محض بھارتی نژاد ہونے کی بنیاد پر اسے پاکستان اوریجن کارڈ کے حصول کے لیے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

تاہم پاکستانی خاتون سے شادی کے باوجود غیر ملکی شوہر کو سکیورٹی کلیئرنس سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے ۔فیصلے کے مطابق بھارت اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں کی آئی ایس آئی اور آئی بی سے سکیورٹی جانچ پڑتال کی پالیسی برقرار ہے ،قومی سلامتی کے معاملات میں ہائیکورٹ سکیورٹی اداروں کی رائے کی جگہ اپنی رائے نہیں دے سکتی، خصوصی حالات میں کارڈ جاری کرنے کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے ، تاہم اس کا اجرا کسی درخواست گزار کا غیر مشروط قانونی حق نہیں۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 35 شادی اور خاندان کے تحفظ کی بات کرتا ہے لیکن یہ آئینی شق کسی غیر ملکی شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے کا خودکار حق فراہم نہیں کرتی۔ درخواست میں میرٹ، قانونی جواز اور ٹھوس بنیادیں موجود نہ ہونے کے باعث آئینی درخواست خارج کی جاتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...