بھارت کالعدم ایکشن کمیٹی کو فنڈنگ کر رہا، ریاست مزید نرمی نہیں برتے گی: طلال چودھری
اس تحریک کے 38میں سے 37مطالبات تسلیم، اس کے بعد احتجاج یا مسلح جد و جہد کا جواز باقی نہیں رہتا:وزیر مملکت آزاد کشمیر میں مسلح تحریک کی اجازت نہیں دی جائیگی، سوشل میڈیا پراپیگنڈا پر سخت کارروائی ہوگی:پریس کانفرنس
اسلام آباد (اے پی پی، دنیا نیوز)وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی انتشار پھیلا رہی ہے ۔کالعدم ایکشن کمیٹی کو بھارت فنڈنگ کر رہا ہے ۔ آزاد کشمیر میں حقوق کی تحریک کے نام پر مسلح جدوجہد اور انتشار پھیلانے کی کوششوں کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، ریاست اب مزید نرمی نہیں برتے گی اور جو لوگ سوشل میڈیا پر اس کالعدم تحریک یا اس کے کارندوں کو عظیم بنا کر پیش کریں گے ان کے خلاف بھی ویسی ہی سخت کارروائی ہوگی جیسی اسلحہ استعمال کرنے والوں کے خلاف ہو رہی ہے ۔ وزیر مملکت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اس تحریک کے 38 میں سے 37 مطالبات تسلیم کیے جا چکے جس کے بعد احتجاج یا مسلح جدوجہد کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران وقار، محمد علی اور عمار سہیل سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا جو کشمیر میں اسلحہ منتقل کر رہے تھے ۔ اصغر سرحدی علاقوں سے اسلحہ آگے پہنچاتا تھا جبکہ ماجد نامی شخص ضیاء سے رابطہ رکھ کر اسلحہ آگے فراہم کرتا تھا۔
تحقیقات کے دوران ایک اور اہم کردار ناظم اور کور کمیٹی کے رکن امتیاز اسلم کا نام سامنے آیا ہے جو سردار امان اور خواجہ مہران کے درمیان رابطہ کار ہے ، فیلڈ میں موجود عناصر کو شہزاد نامی ایک خارجی سے کوآرڈینیٹ کرواتا ہے ، شہزاد کا تعلق بنیادی طور پر کشمیر سے ہے لیکن وہ اس وقت افغانستان میں مقیم ہے اور انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ مل کر بھرتیوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ وزیر مملکت نے کہا پاکستان پر براہ راست حملے پر منہ کی کھانے کے بعد اب بھارت ان پراکسیز کے ذریعے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہا جنہیں افغانستان سے اسلحہ، تربیت اور فنڈنگ مل رہی ہے ۔ حالیہ جھڑپوں میں سنائپر اور آٹومیٹک گنز کا استعمال کیا گیا جس سے ہمارے افسران اور جوان شہید ہوئے ۔ وفاقی حکومت نے حکومت کشمیر کو آٹا، بجلی اور دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے بلینک چیک دیا اور ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ طلال چودھری نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے شرپسندوں کی آڈیوز میڈیا کے سامنے پیش کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments