معذور افراد کی انتخابی عمل میں مؤثر شرکت ترجیح، الیکشن کمشنر سندھ

معذور افراد کی انتخابی عمل میں مؤثر شرکت ترجیح، الیکشن کمشنر سندھ

محروم طبقات کو جمہوری عمل کا حصہ بنانے کے لئے خصوصی پروگرام شروع کئے ہیں خصوصی افراد انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے بھی حصہ لے سکتے ،اعجاز انور چوہان

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ معذور افراد کی انتخابی عمل میں مساوی اور مؤثر شرکت یقینی بنانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے ، معذور افراد نہ صرف ووٹر بلکہ انتخابات میں امیدوار کی حیثیت سے بھی حصہ لے سکتے ہیں، جبکہ انہیں انتخابی حقوق کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میئر کانفرنس ہال میں ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد اظہر حسین ٹانوری کے تحت معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے محروم طبقات کو جمہوری عمل کا حصہ بنانے کے لیے ملک بھر میں خصوصی پروگرام شروع کیے ہیں، الیکشنز ایکٹ کے تحت جسمانی معذوری کے باعث سفر کرنے سے قاصر اور قومی شناختی کارڈ پر نادرا کا معذوری کا لوگو رکھنے والے افراد پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز پر معذور افراد کی سہولت کے لیے ریمپس کی تعمیر، گراؤنڈ فلور پر پولنگ کا انتظام، ترجیحی بنیادوں پر سہولیات اور الیکشن کمیشن کے دفاتر میں خصوصی پارکنگ فراہم کی گئی ہے ، جبکہ نادرا کے اشتراک سے موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے ووٹر رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 20 معذور ملازمین مستقل بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ان کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ استعداد پر ادارے کے اعتماد کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہا خواتین، نوجوانوں، اقلیتوں اور معذور افراد سمیت تمام محروم طبقات کو انتخابی عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا ایک جامع اور شمولیتی جمہوری معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے ، اس مقصد کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...