پاکستان،انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کا تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
سستے گھروں تک رسائی، تعمیراتی شعبے کی مالی معاونت میں آئی ایف سی کا اہم کردار وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی آئی ایف سی کے علاقائی نائب صدر سے ملاقات
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے ساتھ جاری تعاون کو مزید فروغ دینا ضروری ہے ۔ وفاقی وزیر نے یہ بات آئی ایف سی کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے علاقائی نائب صدر عماد فاخوری سے ملاقات میں کہی ۔ملاقات میں پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے طویل مدتی ہاؤسنگ فنانس کے فروغ، سستے گھروں تک رسائی اور تعمیراتی شعبے کو مالی معاونت کی فراہمی میں آئی ایف سی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے )کے ساتھ قابلِ عمل وفاقی پی پی پی منصوبوں کی تیاری اور ضابطہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے میں آئی ایف سی کے تعاون کو بھی سراہا۔ اس موقع پر ڈسکوز کی نجکاری کے عمل اور اس کے بعد انتظامی امور میں آئی ایف سی کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عماد فاخوری نے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments