انتظامی یونٹس پر ریفرنڈم کرایا جائے : ایم کیو ایم، آج کی ریلی ملتوی
سندھودیش کیخلاف ہماری قرارداد منظور کی جائے ،29 نومبر کوکسی کوبھی ریلی نکالنے کی اجازت نہ دیجاتی:فاروق ستار مہاجروں اور سندھیوں دونوں کے گھروں میں پانی نہیں آتا،متوسط طبقہ انتظامی یونٹس کی مہم کے ساتھ ہے :مصطفی کمال
کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے 29 نومبر کو ہونے والی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ سینئر رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی رائے حاصل کی جائے اور آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جائے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ سندھو دیش کے خلاف ایم کیو ایم کی قرارداد منظور کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھو دیش بنانے اور اپنی پراکسیز کی سرپرستی کرنا چاہتی ہے ۔ کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم کو اس کے جمہوری حق سے محروم کیا اور ہمیں ریلی ملتوی کرنے پر مجبور کیا گیا۔ قوم پرست جماعتوں کا بھی 29 نومبر کو ریلی نکالنے کا پروگرام تھا، فیصلہ یہ ہونا چاہیے تھا کہ اس روز کسی کو بھی ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت سندھ کا فیصلہ امتیازی اور غیر منصفانہ ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے ملک مخالف نعروں اور 22 نومبر کی ریلی میں ہونے والی سرگرمیوں کا حکومت سندھ نے نوٹس نہیں لیا۔ معاملہ صرف انتظامی یونٹس کی مخالفت کا نہیں بلکہ راہ فرار اختیار کرکے سندھو دیش بنانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے ۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقہ انتظامی یونٹس کی مہم کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم مخالفین کو اس عوامی تحریک کو متنازع بنانے کا موقع نہیں دینا چاہتے ۔ بلاول بھٹو نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں خون بہانے اور کچرے سے زیادہ خون بہنے کی بات کی، ان کے بیان کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔
قومی سطح پر اپنا مؤقف پیش نہ کر سکنے والے سندھ کارڈ استعمال کرکے ریاست کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ریاست کو بھی اندازہ ہو گیا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت ملک مزید نہیں چل سکتا، چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ریاست اور عوام دونوں کے مسائل کا حل ہے ۔ کراچی میں آباد سندھی، پختون، بلوچ، مہاجر، پنجابی اور سرائیکی سب ہمارے بھائی ہیں، ہم کسی قومیت کو اپنا مخالف نہیں سمجھتے ۔انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے گھروں میں پانی نہیں آتا تو سندھیوں کے گھروں میں بھی یہی صورتحال ہے ۔ بلاول بھٹو کو اس بات پر غصہ کیوں نہیں آتا کہ بلاول ہاؤس میں بھی ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے ؟ اگر بلاول ہاؤس میں پانی کی فراہمی بہتر ہوتی تو پورے کلفٹن کو فائدہ پہنچتا۔ 18 سال میں کلفٹن میں پانی کی فراہمی بہتر کیوں نہیں بنائی گئی؟۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments