کراچی:دھماکے سے 1 منزلہ مکان گرگیا، تمام افراد ریسکیو

کراچی:دھماکے سے 1 منزلہ مکان گرگیا، تمام افراد ریسکیو

3خواتین اور بچے سمیت 5افراد شامل،جائے وقوعہ پرآتشزدگی،فائربریگیڈطلب

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں ایک اور عمارت زمیں بوس ہوگئی۔محمود آباد انبالہ بیکری کے قریب مکان میں دھماکے کے بعد ایک منزلہ عمارت منہدم جبکہ آگ لگ گئی۔ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر کنٹرول سنبھالا۔آئی جی جاویدعالم اوڈھو نے پولیس افسران کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کی ہدایت کی۔ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر عمران خان موقع پر پہنچے اور بتایا کہ مکان سے 3 خواتین اور ایک بچے سمیت 5 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان نے کہا کہ دھماکے کی اطلاع کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں جبکہ فائر بریگیڈ کو بھی طلب کرلیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے اور مکمل تحقیقات کا حکم دیا اور کمشنر کراچی اور پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ڈپٹی کمشنر ایسٹ کاشف کھوڑو نے بتایا کہ متاثرہ مکان گراؤنڈ پلس ون تھا، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا، تاہم اس کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ علاقے میں سیوریج کا کام بھی جاری تھا، جبکہ وہاں گیس کی بو بھی محسوس کی جا رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال دھماکے کی وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے ۔چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق آگ بجھانے کے بعد متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل جاری ہے ،دھماکے کی وجہ کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ گیس سلنڈر پھٹنے کا نتیجہ تھا یا گیس لائن میں دھماکا ہوا ، ملبہ صاف ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کھڑی بعض گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ، تاہم ملبہ زیادہ دور تک نہیں پھیلا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...