پھلدار پودے جو گملوں میں لگائے جاسکتے ہیں
اسپیشل فیچر
کچھ پھلداردرخت ایسے پودے بھی ہوتے ہیں جو کہ مختصر تنا رکھتے ہیں اور زیادہ پھل دیتے ہیں ، ایسے پھلدار پودے گملوں میں اگائے جاسکتے ہیں اور اچھی خاصی رقم کمائی جاسکتی ہے، چونکہ یہ کم جگہ گھیرتے ہیں اس لئے مکانوں کی چھت پر بھی گملوں میں یہ پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ چند اصول اپنا کر آپ ایک پاٹ یا گملے میں یہ پودے لگا سکتے ہیں۔ لیکن یہ بھی ہے کہ تمام پھلدار پودے گملوں میں نہیں اگائے جاسکتے ۔ ایسے پھلدار پودے جو کہ گملوں میں اگائے جاسکتے ہیں ان کی معلومات کاہونا ضروری ہے ۔
یہ احتیاط ضرور رکھیں کہ سخت گرم موسم میں پودے کو کافی پانی کی ضرورت ہوتی ہے ، اس لئے گملے کا دہانہ مٹی سے اتنا خالی رکھیں کہ اس میں پانی کی اچھی مقدار آسکے۔رس بھرے سیب، چمکتی اور رنگ دار جلد کے آڑو اور سنہری خوبانی کیلئے آپ کو ایک بڑے گملے کی ضرورت ہوگی۔جو پھلدار پودے گملوں میں اگائے جاسکتے ہیں وہ یہ ہیں۔
چیری:کی ہوئی چیریاں بہت میٹھی اور ذائقے دار ہوتی ہیں ۔یہ میٹھی چیریاں گملے میں پروان چڑھا کر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انہیں کھلی جگہ پر سورج کی روشنی میں رکھا جائے۔اگر آپ کے پاس جگہ کم ہے اور آپ پھلدار درخت اگانا چاہتے ہیں تو سنڈریلا یا سلویا ایسے پودے ہیں جو کہ خودبخود اگ جاتے ہیں۔اس کے لئے آپ کو صرف ایک پودا لگانا ہے باقی اور پودے خود بخود زمین میں نکل آئیں گے۔چیری کے پودے کو ہفتہ میں ایک دن پانی دینا ضروری ہوتا ہے ۔ غیرضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ بھی کرتے رہیں لیکن اس بات کا خیال رہے کہ پھلدار شاخ نہ کٹنے پائے۔
ناشپاتی:ناشپاتی ان پھلوں میں سے ایک پھلدار پودا ہے جو کہ گملوں میں اچھے پھل دیتے ہیں ۔ لیکن آپ کو ایسے پودے کا انتخاب کرنا ہے جو کہ برتن میں اگنے کی اچھی صلاحیت رکھتا ہو۔ جڑوں والا پودا جو کہ پودے کے سائز کی نشاندہی کرتا ہے وہ عموماً تجویز کیا جاتا ہے۔ناشپاتی کو نکاسی آب کی خاص ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے جب یہ پودا گملے میں اگائیں تو اس بات کا خیال رہے کہ دو یا تین گملوں کا مجموعہ رہے۔
سیب:پکا ہوا سیب پودے سے توڑنا زندگی کا ایک خوشگوار لمحہ ہوتا ہے ۔ اس کے لئے مناسب جسامت کا پودا درکار ہوگا نہ بہت بڑا نہ بہت چھوٹا، اس کے لئے آپ کو ''جان انزنمبر 3‘‘کھاد والا گملا درکار ہوگا جس کا سائز کم از کم 20انچ لمبا اور16 انچ چوڑا ہو۔ بڑا گملا اچھا رہے گا۔ اچھے گملوں کی اقسام میں ڈسکوری، فالسٹاف، فیسٹا ، کڈز اورنج ریڈ اور سن سیٹ شامل ہیں ۔ جڑوں والے سیب کے پودے خریدنا آسان اور اگنے میں اچھا رہتے ہیں ۔ یہ خزاں کے موسم کے اختتام اور بہار کے موسم کے آغاز میں مل جاتے ہیں ۔ جڑوں والے پودے جتنی جلدی ہو گملے میں اگادیئے جائیں تاکہ وہ مرجھائیں نہیں۔مٹی کو نمی آلود کریں، موسم گرما میں مسلسل پانی دیتے رہیں اور اوپر دی گئی دیگر ہدایات پر عمل کریں۔آپ کو ایک اچھا پھلدار سیب کا پوداحاصل ہوجائے گا۔
آڑو: آڑو کے شگوفے بہت دلفریب اور نظروں کو بھلے لگتے ہیں ۔ سمال گارڈننگ میں آڑو کی بہت سی اقسام ہوتی ہیں ۔ اگرچہ اس کا پودا چھوٹا ہوتا ہے لیکن پھل مکمل سائز کے آتے ہیں ۔ یوں کہا جاسکتا ہے کہ پھل پودے پر بھرپور لدے ہوتے ہیں ۔ ٹھنڈے علاقوں جیسے انگلینڈ میں آڑو کے پودوں کو دسمبر میں اندر کردیا جائے تاکہ شدید سردی سے بچایا جاسکے۔اسے شدید گرمی سے بھی بچانے کی ضرورت ہوتی ہے۔فروری کے مہینے کے بعد اس کی شاخوں پر شگوفے آجاتے ہیں۔تاہم یہ پودے کی اقسام پر بھی منحصر ہوتا ہے ۔ اگر وہ اچھی قسم کاہے تو زیادہ شگوفے اور شاخیں آئیں گی۔ جب گملا آپ کو خشک لگنے لگے تو فوراًپانی دیں۔اگر یہ خشکی پانچ سینٹی میٹر گہرائی تک ہوتو پانی دینا ضروری ہے۔اس کو ہر روز چیک کرتے رہیں۔ ٹماٹر فیڈ سے بھی پودے کو خوراک فراہم کرتے رہیں۔اگر آپ کے باغ میں آڑو کا صرف ایک پودا ہے تو اس کو پولن کرنے کیلئے ایک دوسرے پودے کی ضرورت ہوگی جو چاہے ایک میل کے اندر ہو۔
تازہ انجیر:اگر آپ گرم علاقے میں رہتے ہیں تو وہاں انجیر کے پودے کی بہت سی اقسام مل جائیں گی جو کہ گملے میں لگانے کیلئے سود مند ہوں گی ۔ ٹھنڈے علاقوں جیسے انگلینڈ یا شمالی علاقہ جات تو وہاں کیلئے جس قسم کے پودے کی ضرورت ہوگی وہ ''برائون ٹرکی سٹینڈرڈ‘‘ انجیر کا پودا ہونا چاہیے۔ یہ ٹھنڈے علاقوں کیلئے سازگار ہوتا ہے ۔ اسے سورج کی روشنی کی بھی ضرورت ہوگی تاہم یہ موسم بہار میں اچھی نشوونما پاتے ہیں ۔
مالٹا اور لیموں: یہ ترش آور پودے بھی گھر کے لان یا چھت پر گملوں میں لگائے جاسکتے ہیں ۔ لیموں کے پودے کا پتلا تنا ہوتا ہے لیکن یہ ایک بھرپور پھلدار پودا بن جاتا ہے ۔ اس کی شاخوں پر بے شمار لیموں کے پھل آجاتے ہیں ۔ ٹھنڈے علاقوں میں ان کی پیداوار شاندار ہوتی ہے ۔ گرم علاقوں میں جہاں زیادہ تر گرمی ہوتی ہے وہاں تو لیموں کو گملوں میں اگانا ایک بہترین چوائس ہوتی ہے ۔ سخت گرمیوں میں ان پودوں کو سایہ بھی فراہم کرنا ضروری ہوتا ہے ۔
خوبانی:خوبانی ایک نازک مزاج پودا ہوتا ہے ، اس لئے اسے زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ بہترین پھل حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ ایسے پودے کا انتخاب کریں جس پر'' پیشیو ورائٹی‘‘ کا لیبل لگا ہو۔ یہ بھی ایک خودرو پودا ہوتا ہے اس لئے اسے جلد گملے میں گاڑھ دیں تاہم گملے کی چوڑائی بیس انچ ہونی چاہیئے ۔اس کے شگوفوں پر کیڑے حملہ کرسکتے ہیں ، اس لئے کسی ماہر زراعت یا ہارٹی کلچر والے سے ہدایات لے لیں۔ (ترجمہ: طیب رضا عابدی)