الشحوح: خطہ عرب کا انوکھا قبیلہ

اسپیشل فیچر
دبئی سے دو گھنٹے کی مسافت پرواقع پہاڑیوں میں ایک انوکھا قبیلہ آباد ہے۔ اس کی ثقافت جزیرہ نما عرب کے لوگوں سے جدا ہے۔ انہیں الشحوح یا ''پہاڑی لوگ‘‘ کہا جاتا ہے۔
یہ معلوم نہیں ہو پایا کہ یہ لوگ کہاں سے یہاں پہنچے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ الشحوح قدیم مقامی باشندے ہیں، لیکن وقت کے ساتھ حالات نے انہیں پہاڑوں تک محدود کر دیا۔ غالباً یہ خطۂ عرب کے سب سے غیرمعمولی لوگ ہیں، کیونکہ ان کی زبان اور ثقافت اہل عرب سے جدا ہے۔
جزیرہ نما عرب کے جنوبی حصے پر تاریخ میں کئی مرتبہ حملہ آور آئے اور مختلف قوموں نے اسے اپنی نوآبادی بنایا۔ کہا جا سکتا ہے کہ اس کی ابتداء ڈیڑھ لاکھ برس قبل ہوئی جب انسان افریقہ سے نکل کر یہاں پہنچا۔ بہت عرصے بعد یہاں یمنی، سعودی، فارسی، پرتگالی اور برطانوی آئے۔اٹھارہویں صدی میں عمان اوربیسویں صدی میں متحدہ عرب امارات کی آزادی کے بعد یہ سلسلہ ختم ہو گیا۔ تاریخ میں مختلف طرح کے لوگوں کے آنے جانے کی وجہ سے یہ معلوم کرنا کہ کون پہلے آیا اور کون بعد میں، جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ یہ علاقہ جو مسندم کہلاتا ہے، جزیرہ نما عرب کے جغرافیے میں ایک کسی پتلے لمبے ابھار کی طرح دکھائی دیتا ہے جس کا رخ ایران کی جانب ہے۔ باہر سے آنے والوں کو یہ لوگ پسند نہیں کرتے۔ اس لیے یہ لوگ جزیرہ نما عرب کے دیگر لوگوں سے کٹے رہے۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران ایک بمبار مسندم میں غائب ہو گیا تو وہاں جا کر اسے تلاش کرنے کے عمل کو انتہائی خطرناک تصور کیا گیا۔ آج الشحوح کے لوگ آنے والوں کو قتل نہیں کرتے، لیکن انہیں خوش آمدید بھی نہیں کہتے۔یہ دو بڑے قبائل میں بٹے ہیں جن کی کئی شاخیں ہیں۔
یہ علاقہ دشوار گزار ہے۔یہاں کی بلند چٹانوں میں الشحوح نے آنے اور جانے کے غیرمعمولی راستے بنا رکھے ہیں۔
الشحوح ثقافتی اور لسانی اعتبار سے متحدہ عرب امارات اور اومان کے عرب لوگوں سے مختلف ہیں جن کے جدامجد بدو تھے۔ الشحوح خانہ بدوش اور صحراؤں میں نقل مکانی کرنے والے نہیں۔ یہ کسان ہیں۔ بلندوبالا پہاڑوں میں انہوں نے پانی کے بہاؤ کے لیے حیران کن راستے بنا رکھے ہیں، جو اونچے مقامات پر واقع کھیتوں کو سیراب کرتے ہیں۔ ان کے پاس پانی ذخیرہ کرنے کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔ ان پہاڑوں میں کنوئیں نہیں۔ یہ اپنے کھیتوں سے سال میں دو فصلیں حاصل کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ موسم گرما میں یہ مچھلیاں بھی پکڑتے ہیں۔ ساحل کی طرف سال میں ایک بار ہجرت کی جاتی ہے۔ یہ مال مویشی بھی پالتے ہیں۔ ان کے گھر پتھر کے اور ایک منزلہ ہوتے ہیں۔ ساحل پر ان کے گھر درختوں اور پودوں سے بنائے جاتے ہیں جو زیادہ مضبوط نہیں ہوتے۔
یہ بات مشہور ہے کہ الشحوح کی زبان لسانی اعتبار سے کسی سے نہیں ملتی، لیکن یہ سچ نہیں۔ ساحل سمندر کے عرب اگرچہ ان کی زبان نہیں سمجھ سکتے لیکن یہ عربی سے سیکڑوں برس قبل بچھڑنے والی ایک زبان ہے جس نے اپنی لسانی راہ لی۔ ان کے طرززندگی اور زبان کو دیکھ کر انہیں غیرعرب بھی کہا گیا۔ بعض لوگوں نے انہیں پرتگالی بھی کہا۔ تاہم تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ ان میں مختلف اطراف سے لوگ داخل ہوتے رہے ہیں۔ ان کی ایک ذیلی شاخ پر ایرانی اثر نمایاں ہے اور ان کی زبان بلوچی سے ملتی جلتی ہے۔