آج کا دن

اسپیشل فیچر
ائیر بریک کی ایجاد
جارج ویسٹنگ ہاؤس جونیئر پنسلوانیا میں مقیم ایک امریکی تاجر اور انجینئر تھا۔ 1905ء میں آج کے دن اس نے ریلوے ایئر بریک بنائی اور برقی صنعت میں اپنا ایک الگ مقام بنایا۔اس نے 19 سال کی عمر میں اپنا پہلا پیٹنٹ اپنے نام رجسٹر کروایا۔ ویسٹنگ ہاؤس نے1880ء کے اوائل میں الیکٹرک پاور کی تقسیم کے لیے متبادل کرنٹ کے استعمال کی صلاحیت کو دیکھا اور اپنے تمام وسائل کو اس کی ترقی اور مارکیٹنگ میں لگا دیا۔
وینیرا پروگرام
''وینیرا 14‘‘ روس کی جانب سے شروع کیا جانے والا ایسا پروگرام تھا جس کا مقصد زہرہ کی تلاش کرنا تھا۔ یہ سوویت یونین کے وینیرا پروگرام کا ایک اہم حصہ تھا۔وینیرا 14 وینیرا 13 خلائی جہاز سے مماثل تھا اور اسے 1981ء کے وینس لانچ کے موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے بنایا گیا تھا۔ اسے پانچ دن کے فاصلے پر لانچ کیا گیا۔ وینیرا 14کو 4 نومبر 1981 اور ''وینیرا 13‘‘ کو 30اکتوبر 1981ء کو لانچ کیا گیا ۔ دونوں ہی خلائی جہاز 760 کلوگرام وزن کے ساتھ مدار میں پہنچے تھے۔
''اکاسی کائیکو ر ‘‘کا افتتاح
5اپریل 1998 ء کو جاپان میں کوبے شہر اور آواجی نامی جزیرے کو آپس میں ملانے کے لئے اس وقت دنیا کے سب سے طویل پل کا افتتاح کیا گیا۔ اس پل کا نام اکاسی کائیکو رکھاگیا۔ اسے جاپان میں فن تعمیر کا شاہکار سمجھا جاتا ہے۔جس وقت اسے عوام کیلئے کھولا گیا اس کی لمبائی ایک ہزار991میٹر تھی۔اس شاندار پل کو مکمل ہونے میں 10سال کا طویل عرصہ لگا اوریہ ہزاروں افراد کی آمدورفت کا محفوظ ذریعہ بنا۔
ارینا طوفان نے تباہی مچائی
ارینا ایک بہت بڑا ٹراپیکل طوفان تھا۔ اس نے مڈغاسکر، موزمبیق اور جنوبی افریقہ میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے بہت زیادہ تباہی مچائی۔ اس کی تباہ کاریوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس طوفان نے 2011ء اور 2012ء کے سیزن میں سب سے زیادہ تباہی مچائی اور نقصان پہنچایا۔ اس لئے اسے تاریخ کے بدترین طوفانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ارینا ایک ایسی ٹراپیکل لہر سے بنا جو مڈغاسکر کے شمال میں واقع تھی۔یہ بغیر کسی رکاوٹ کے جنوب کی جانب بڑھا اور ارینا کی شکل اختیار کر گیا۔ارینا مڈغاسکر کے ساحل کے ساتھ ساتھ چلتا رہا جس کی وجہ سے شدید سیلاب آیا ۔