آج کا دن
اسپیشل فیچر
جنگِ لیپانٹو
7 اکتوبر 1571ء کو بحیرہ روم کی تاریخ کی ایک انتہائی اہم بحری جنگ جنگِ لیپانٹو لڑی گئی۔ یہ جنگ موجودہ یونان کے قریب خلیجِ پاتراس میں سلطنتِ عثمانیہ اور ہولی لیگ کے مشترکہ بحری بیڑے کے درمیان ہوئی۔ ہولی لیگ میں سپین، وینس، پوپ کی ریاست اور دیگر یورپی طاقتیں شامل تھیں، جبکہ عثمانی بحری بیڑے کی قیادت علی پاشا کر رہے تھے۔ 7 اکتوبر کو دونوں بحری بیڑے آمنے سامنے آئے اور کئی گھنٹوں تک شدید لڑائی جاری رہی۔ اس دور میں بحری جنگیں بڑی حد تک چپوؤں سے چلنے والے جہازوں پر لڑی جاتی تھیں، اس لیے لیپانٹو کو اس طرز کی آخری عظیم بحری لڑائیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ہولی لیگ کو فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی اور عثمانی بیڑے کے بہت سے جہاز تباہ یا قبضے میں لے لیے گئے۔
جیمز کک نے نیوزی لینڈ کو دیکھا
7 اکتوبر 1769ء کو برطانوی بحری مہم کے سربراہ کیپٹن جیمز کک نے اپنی جہازHMS Endeavourسے نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے کو دیکھا۔ کک اس وقت بحرالکاہل میں ایک تحقیقی اور جغرافیائی مہم پر تھے۔ ان کا مقصد جنوبی بحرالکاہل کے ان علاقوں کا جائزہ لینا تھا جن کے بارے میں یورپی دنیا میں اس وقت بہت کم معلومات موجود تھیں۔ نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے کا نظر آنا ان کی مہم کا ایک اہم مرحلہ تھا۔کک کے سفر نے نیوزی لینڈ کے ساحلوں کی یورپی نقشہ سازی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی مہم کے بعد نیوزی لینڈ کے جغرافیہ، ساحلی علاقوں اور سمندری راستوں کے بارے میں یورپی معلومات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
اٹلی کے بحری جہاز کا اغوا
7 اکتوبر 1985ء کو اٹلی کے مسافر بردار بحری جہازAchille Lauro کو چار مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ یہ جہاز اس وقت سکندریہ، مصر سے اسرائیل کے شہر اشدود کی جانب سفر کر رہا تھا۔ اغوا کاروں کا تعلق فلسطین لبریشن فرنٹ سے تھا ۔ اغوا کاروں نے مسافروں اور عملے کو یرغمال بنا کر فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات پیش کیے۔ بحری جہاز کے اغوا کا مسئلہ7 سے 10 اکتوبر 1985ء تک جاری رہا۔ بعد کے برسوں میں مسافر بردار بحری جہازوں اور بین الاقوامی سفر کی سکیورٹی سے متعلق پالیسیوں میں ایسے واقعات کے تجربات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
مشرقی جرمنی کا قیام
دوسری جنگِ عظیم کے بعد جرمنی اتحادی طاقتوں کے قبضے میں مختلف علاقوں میں تقسیم ہو چکا تھا۔ مغربی علاقوں میں امریکہ، برطانیہ اور فرانس کا اثر تھا جبکہ مشرقی جرمنی سوویت قبضے کے علاقے میں شامل تھا۔ بڑھتی ہوئی سرد جنگ کے ماحول میں جرمنی کا سیاسی اور نظریاتی اختلاف مزید گہرا ہوتا گیا۔ 21 ستمبر 1949ء کو مغربی علاقوں میں وفاقی جمہوریہ جرمنی (مغربی جرمنی) قائم ہوئی، چند ہفتوں بعد 7 اکتوبر کو سوویت قبضے کے علاقے میں جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک قائم کی گئی۔ نئے ملک میں سوویت سیاسی اور معاشی نظام کا گہرا اثر تھا ۔ مشرقی جرمنی تقریباً 41 برس تک موجود رہا۔ بالآخر 1989ء میں دیوار برلن کے انہدام اور جرمنی کے سیاسی اتحاد کی راہ ہموار ہوئی اور 3 اکتوبر 1990ء کو مشرقی و مغربی جرمنی دوبارہ متحد ہو گئے۔
لونا 3 نے چاند کی تصاویر لیں
7 اکتوبر 1959ء کو پہلی مرتبہ چاند کے اس حصے کی تصاویر لی گئیں جو زمین سے براہِ راست نظر نہیں آتا۔ یہ تاریخی کامیابی سوویت خلائی تحقیقاتی مشن لونا3 نے حاصل کی۔ اس سے پہلے انسان صدیوں سے چاند کا صرف وہی رخ دیکھتے آئے تھے جو ہمیشہ زمین کی طرف رہتا ہے۔ چاند کی گردش کی خاصیت کی وجہ سے اس کا ایک ہی رخ مسلسل زمین کی طرف رہتا ہے، اس لیے دور والے حصے کے بارے میں براہِ راست تصویری معلومات موجود نہیں تھیں۔ لونا 3 نے 7 اکتوبر کو چاند کے دور والے روشن حصے کی تصاویر بنائیں۔ مجموعی طور پر 29 تصاویر بنائی گئیں جنہوں نے چاند کے تقریباً 70 فیصد دور والے حصے کو کور کیا۔ ان تصاویر سے یہ حقیقت سامنے آئی کہ چاند کا دور والا حصہ اس رخ سے کافی مختلف ہے جو زمین سے نظر آتا ہے۔