رینکنگ ٹینس:مینز سنگلز کوارٹر فائنل کے فیصلے ہو گئے
فہد خان اور نعمان آفتاب نے ٹائٹل کے لئے امیدیں روشن کرلیں
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) عبدالمجید ٹرافی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ میں مینز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کے فیصلے ہو گئے ہیں۔ کراچی میں جاری چیمپئن شپ میں فہد خان نے سلمان مانیا کو یکطرفہ مقابلے میں اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ انہوں نے حریف کھلاڑی پر چھ، ایک اور چھ، تین سے کامیابی حاصل کی۔ چیمپئن شپ کے مینز سنگلز ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں نعمان آفتاب نے بھی حریف کھلاڑی شعیب عباس کو با آسانی اسٹریٹ سیٹس میں چھ، صفر اور چھ، دو سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کی امیدوں کو برقرار رکھا۔ جونیئرز انڈر 17سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں اسد خان نے نعمان آفتاب سے کسی مزاحمت کا سامنا کئے بغیر چھ، ایک کے یکساں اسکور سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔ عبدالمجید ٹرافی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کے بوائز انڈر 13ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں محمد حمزہ نے غفران فیض کو چھ، دو اور چھ، تین جبکہ ریان جواد نے مجاہد اللہ کو چھ، ایک اور چھ، چار سے مات دے دی۔ بوائز انڈر 11سنگلز ایونٹ میں غفران فیض نے انیش تلریجہ کو آٹھ، صفر سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی جبکہ کرتان مکیش بغیر کھیلے ہی عبداللہ احمدانی کے خلاف واک اوور ملنے پر غفران سے مقابلے کیلئے فائنل میں پہنچ گئے۔ عبدالمجید ٹرافی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کے بوائز انڈر 9ایونٹ میں زین محمد علی نے کرتان مکیش کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔