انٹر اسکول ہاکی: گرلز ٹائٹل جی جی ایس مولانا قادری کے نام

انٹر اسکول ہاکی: گرلز ٹائٹل جی جی ایس مولانا قادری کے نام

بی ایس ایم حنیف کو فائنل میں 3-0سے شکست، بوائز ٹائٹل بی ایم ایس مجید ٹو نے جیتا،بی ایم ایس حنیف پنالٹی اسٹروکس پر ناکام اسسٹنٹ کلکٹر ایچ کیو ون کسٹمز رضا نقوی، ڈائریکٹر اسکولز منسوب حسین صدیقی اور صمصام قادر نے ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کسٹمز پریوینٹو سروسز کلب کے زیر اہتمام اور سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ کراچی جونیئر انڈر16گرلز اینڈ بوائز انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ اختتام کو پہنچ گیا۔ گرلز کا ٹائٹل گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول مولانا قادری دستگیر نے اور بوائز کا اعزاز بحریہ ماڈل اسکول مجید ٹو مارننگ نے جیت لیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کلکٹر ایچ کیو ون پاکستان کسٹمز ایس ایم رضا نقوی، ڈائریکٹر اسکولز منسوب حسین صدیقی اور کسٹمزاسپورٹس کمپلیکس کے ڈائریکٹر و سابق انٹرنیشنل کھلاڑی صمصام قادر نے انعامات تقسیم کئے ۔ مہمان خصوصی ایس ایم رضا نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنیادی سطح پر قومی کھیل کے فروغ کے سلسلے میں سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن کا کردار قابل ستائش ہے ، کسٹمز کے کھلاڑیوں نے ماضی میں اس کھیل میں ملک کا نام روشن کیا تاہم ہاکی کے فروغ میں ہمارا تعاون جاری رہے گا۔ مستقبل میں ہاکی کے ایونٹ اور بھی بہتر انداز میں منعقد کئے جائینگے ۔ صمصام قادر اور منسوب حسین صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ گلفرازاحمد خان نے کسٹمز پریوینٹو سروسز کلب اینڈ اسپورٹس کمپلیکس کے عہدیداران کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے گئے کراچی جونیئر گرلز ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں مولانا قادری نے بی ایس ایم حنیف کو باآسانی3-0 سے شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ٹیم کی کپتان تہمینہ، آمنہ اور صائمہ نے گول کئے جبکہ شکست خوردہ ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔ بوائز کے فائنل میں بحریہ ماڈل اسکول مجید ٹو مارننگ نے بی ایم ایس حنیف کو پنالٹی اسٹروکس کی بنیا دپر3-2 سے زیر کرکے ٹائٹل کا حصول ممکن بنایا۔ مقرر وقت میں مقابلہ ایک ، ایک گول سے برابر تھا، جہاں فاتح ٹیم کیلئے ضرار نے بال جال میں ڈالی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کا گول غفران نے بنایا تھا۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کو سندھ جونیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامل حسن نے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی اور انہوں نے فاتح ٹیموں میں اسناد اور میڈلزتقسیم کئے ۔ اس موقع پر نصرت حسین، انتصار حیدر، گلفرازاحمد خان، شاہین سلطانہ، فہمیدہ ضمیر،جاوید اقبال بیگ، انٹرنیشنل محمد علی، انور فاروقی، حمیرا صدیقی، فرح ریاض، خالد ضیاء، بتول کاظم، طارق خان، محمد ندیم، کاشف احمد فاروقی اور اسراراحمد بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں