انگلینڈ ٹور:راشد لطیف ٹیسٹ کے بجائے ٹی ٹوئنٹی میچز کے حامی

انگلینڈ ٹور:راشد لطیف ٹیسٹ کے بجائے ٹی ٹوئنٹی میچز کے حامی

مختصر فارمیٹ کے چھ سے سات مقابلے مالی طور پر سہارا ثابت ہوں گے ،سابق کپتان

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)سابق قومی کپتان راشد لطیف پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر ٹیسٹ میچوں کے بجائے ٹی ٹوئنٹی میچوں کے حامی ہیں جن کا کہنا ہے کہ مختصر فارمیٹ کے چھ سے سات مقابلے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کیلئے مالی سہارا ثابت ہوں گے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع بھی مل جائے گا۔اپنی تازہ یوٹیوب ویڈیو میں راشد لطیف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ابتدائی چھ ماہ کے دوران ٹیسٹ میچوں کا انعقاد نہیں ہونا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بڑا ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے لہٰذا ٹیسٹ میچوں کے بجائے چھ سے سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں اور مالی اعتبار سے بھی دیکھا جائے تو مختصر فارمیٹ کا میچ ایک دن میں ختم ہوجاتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ٹی ٹوئنٹی میچز کا انعقاد ای سی بی کے ساتھ پی سی بی کیلئے بھی مالی سہارا بن سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ کے میچوں کی بدولت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا مناسب موقع بھی مل جائے گا حالانکہ اس بات کا کوئی علم نہیں کہ آسٹریلیا میں میگا ایونٹ کا انعقاد وقت پر ممکن ہوسکے گا کیونکہ تمام حکومتیں کورونا وائرس کی عالمی وباء کے حوالے سے نئی پالیسیاں مرتب کر رہی ہیں۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ فی الوقت کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں لہٰذا انتظار کرنا ہوگا کہ ای سی بی کے علاوہ برطانوی حکومت اور پی سی بی کن پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتے ہیں اور یہ ممکن نہیں کہ ای سی بی کے مدعو کرتے ہی پی سی بی ٹیم کو تمام مشکلات بالائے طاق رکھتے ہوئے انگلینڈ بھیج دے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں