انقرہ :طیارہ گر کر تباہ ، لیبیا کے آرمی چیف جاں بحق
جنرل محمد علی احمدالحداد سمیت 5 فوجی افسر سوار تھے ،طیارے کا ملبہ ،لاشیں برآمد آرمی چیف کے مشیر ا لعساوی ، میجر جنرل ا لفیتوری ، میجر جنرل محمد جمعہ بھی جاں بحق
انقرہ (مانیٹرنگ سیل،اے ایف پی )لیبیا کے آرمی چیف جنرل محمد علی احمد الحداد کا طیارہ انقرہ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ۔ جس کے نتیجے میں وہ اور دیگر 5 افسر جاں بحق ہوگئے ، طیارے کا ملبہ اور ہونے والوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں ۔انقرہ سے 75 کلومیٹر جنوب میں ضلع ہایمانا کے قریب طیارہ گرا ۔ترک وزیرداخلہ علی یرلیکایا کے مطابق طیارہ انقرہ ایسن بوغا ہوائی اڈے سے طرابلس کیلئے منگل کو شام 8 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوا اور 8 بجکر 52 منٹ پر اس کا رابطہ منقطع ہوا۔طیارہ رئیل ٹائم ایمرجنسی سگنل بھیج چکا تھا، لیکن رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔یاد رہے چند گھنٹے قبل لیبیا کے جنرل محمد علی الحداد نے ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گولر سے انقرہ میں ملاقات کی تھی۔ یہ دورہ ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوک بایرکتار اوغلو کی دعوت پر کیا گیا تھا۔اس ملاقات میں ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل بھی شریک تھے ۔لیبیا کے وزیر مواصلات و سیاسی امور ولید الالافی نے کہا ترک حکومت نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر دی۔ طیارے پر الحداد کے مشیر محمد العساوی، میجر جنرل الفیتوری غریبِل، میجر جنرل محمد جمعہ اور ان کے محافظ محمد المحجوب بھی موجود تھے ۔طیارے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے ۔گرنے والا طیارہ فالکن 50 ایک فرانسیسی ساختہ بزنس جیٹ ہے ، جو ڈسالٹ ایوی ایشن نے تیار کیا۔ یہ طیارہ زیادہ سے زیادہ9مسافروں کو لے جا سکتا ہے اور 1976 سے سروس میں ہے ۔ عام طور پر اسے سرکاری اور اعلیٰ سطح سفری مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔