اظہرعلی انگلینڈ میں’’جدوجہد‘‘ نہ کرنے پر بھی مطمئن
دیگر ایشیائی ٹیموں سے بہتر ریکارڈ پرناز،آئندہ حریف کو سخت چیلنج دینے کا دعویٰ
مانچسٹر(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کادیگر ایشیائی ٹیموں سے بہتر ریکارڈ ز پر ناز کرتے ہوئے انگلینڈ میں صرف جدوجہد نہ کرنے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مانچسٹر ٹیسٹ جیت سکتے تھے مگر بدقسمتی سے ہتھیلی میں آیا ہوا میچ پھسل گیا،آئندہ دو میچوں میں حریفوں کو مزید سخت چیلنج فراہم کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں مکمل حکمرانی کے بعد شکست پر قومی ٹیسٹ کپتان اظہرعلی کو سوشل میڈیا سمیت کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن وہ روایتی انداز سے مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے خود کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس ناکامی میں ان کے فیصلوں کا کوئی کردار نہیں کیونکہ دس سالہ انٹرنیشنل کرکٹ کے بعد انہیں بخوبی اندازہ ہو گیا ہے کہ کب کیا فیصلہ کرنا ہے ۔ اظہرعلی نے روایتی انداز سے آئندہ دو میچوں میں حریفوں کو سخت چیلنج فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستانی ٹیم کو حالیہ برسوں کے دوران انگلینڈ میں جدوجہد کا شکار نہیں ہونا پڑا اور ان کا ریکارڈ دیگر ایشیائی ٹیموں سے کہیں بہتر ہے لہٰذا توقع ہے کہ انہیں کم بیک کا موقع مل جائے گا۔