پی سی بی کا 2روزہ اجلاس ختم,2سالہ کارکردگی کا جائزہ,مستقبل کیلئے مشاورت

 پی سی بی کا 2روزہ اجلاس ختم,2سالہ کارکردگی کا جائزہ,مستقبل کیلئے مشاورت

زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز، ڈومیسٹک کرکٹ اور دوسرے اہم امور پر بھی غور ،بعض اہم سفارشات پر اتفاق ، کوڈ آف ایتھکس کو لاگو کرنے پر زور دیا گیا چیئرمین احسان مانی کا اہداف وقت پر مکمل کرنے پر زور ، انٹرنل اجلاس تھا جس میں سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی :ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت نتھیا گلی میں دو روزہ اجلاس ختم ہوگیا، اس موقع پر بورڈ کی دو سالہ کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اپنی مدت کے تیسرے اور آخری سال کے اہداف وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا ۔بورڈ ترجمان کے مطابق یہ انٹرنل اجلاس تھا جس میں سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر اپنا نقطہ نظر بیان کیا، اس میٹنگ کا پہلا مرحلہ اسلام آباد میں ہوا تھا۔دو روزہ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی ، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز، ڈومیسٹک کرکٹ اور دوسرے اہم امور پر غور کرنے کے ساتھ بعض اہم سفارشات پر اتفاق کرنے کے بعد گورننگ بورڈ کے شرکا کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کوڈ آف ایتھکس کو لاگو کرنے پر بھی زور دیا گیا۔احسان مانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بورڈ کے تمام شعبوں کے ہیڈز نے شرکت کی۔ شرکا نے بورڈ کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔اس موقع پر احسان مانی نے اپنی مدت کے آخری سال کے اہداف بتائے اور انہیں وقت پر مکمل کرنے کا یقین دلایا۔ اجلاس کے دوران پی سی بی کے وژن پر بھی سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی سربراہ احسان مانی 23 ستمبر کو اسلام آباد میں ہی طلب کئے جانے والے نیشنل سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ، ان کے ساتھ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں