پاکستان محفوظ ملک،قومی کرکٹرزسیریزملتوی ہونے پر مایوس

پاکستان محفوظ ملک،قومی کرکٹرزسیریزملتوی ہونے پر مایوس

سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوسی ہے ، بابر ،یقین دہانی کے بعد سیریز منسوخ کرنا افسوسناک،فخر فیصلہ دل دہلا دینے والا ہے ، شاداب خان ، کاش میرے پاس مایوسی کو بیان کرنے کے الفاظ ہوتے ، شاہین شاہ فینز کی افسردگی کو ہم خوشیوں میں بدلیں گے ،حسن علی ،نیوزی لینڈ نے پاکستان کرکٹ کو قتل کردیا، شعیب اختر

لاہور،راولپنڈی(سپورٹس رپورٹرز)قومی کرکٹرز نے پاکستان کو ایک محفوظ اور قابل فخر قوم قرار دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ٹوئٹر پر قومی کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوسی ہے ۔ مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے ۔ فخر زمان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ہے ، مکمل یقین دہانی اور اطمینان کے بعد سیریز آخری منٹ میں منسوخ کرنا بہت افسوسناک ہے ۔ شاداب خان نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا ہے ۔شاہین شاہ آفریدی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کاش میرے پاس مایوسی کو بیان کرنے کے الفاظ ہوتے ۔ حفیظ نے لکھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک اور پاکستانی قابل فخر قوم ہیں۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ ایک جعلی دھمکی پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تمام یقین دہانیوں کے باوجود دورہ منسوخ کر دیا۔کیا آپ کو اپنے فیصلے کے اثرات کا اندازہ ہے ۔سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا ٹویٹ میں کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کرکٹ کو قتل کردیا،نیوزی لینڈ کی ٹیم سکیورٹی کلیئرنس کے بعد آئی تھی اسے ہمیں یوں شرمندہ نہیں کرنا چاہیے تھا، اس سے بہتر تھاکہ ٹیم پاکستان نہ آتی۔ سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں معلوم کرنے کی ضرورت ہے ۔قومی فاسٹ باؤلر حسن علی نے کہا کہ دنیا سے میں یہی کہوں گا کہ ہمارا ملک کرکٹ کیلئے محفوظ ہے ، فینز سے یہی کہوں گا کہ ہم ان کی افسردگی کو خوشیوں میں بدلیں گے ۔ سابق کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کا عین وقت پر ختم ہونا افسوسناک ہے ۔ آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی سے دل ٹوٹ گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں