نیشنل ٹی ٹونٹی،ناردرن نے بلوچستان کو 6وکٹوں سے بچھاڑلیا:سنٹرل پنجاب بھی ناکام
بلوچستان نے بیس اوورز میں 139رنز بنائے ،ناردرن نے ہدف 18گیندیں قبل 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،حیدر مین آف دی میچ سنٹرل پنجاب کی ٹیم بیس اوورز میں 9وکٹوں پر 151رنز ہی بناسکی،خیبرپختونخوا نے 36 رنز سے شکست دے دی، رضوان میچ کے بہترین کھلاڑی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)شاداب خان کی زیرقیادت ناردرن نے نیشنل ٹی ٹونٹی کا فاتحانہ آغاز کیا ہے ۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بلوچستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے ۔خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹونٹی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب کو 36 رنز سے شکست دے دی ہے ۔ ناردرن نے 140 رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر حیدر علی نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری سکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہیں 58 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بلوچستان نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے ۔ ناردرن کے حارث اور نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب کو 36 رنز سے شکست دے دی ہے ۔ 188 رنز کے تعاقب میں ہوم سٹی سنٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکی۔فاتح ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو نصف سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سنٹر ل پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور اس کے دونوں اوپنرز 45 کے مجموعے پر پویلین واپس لوٹ گئے ۔ کامران اکمل 3 اور کپتان بابراعظم 29 رنز بناکر آٹ ہوئے ۔ فہیم اشرف 6، حسین طلعت اور عثمان قادر 2، 2 جبکہ وہاب ریاض اور احمد صفی عبداللہ ایک ایک سکور بناکر آؤٹ ہوئے ۔شاہین شاہ آفریدی نے 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز سکور کئے تھے ۔کپتان محمد رضوان 65 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے ۔ انہوں نے فخر زمان کے ہمراہ 67 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور سنٹرل پنجاب کی مضبوط فاسٹ باؤلنگ لائن اپ کے خلاف دس کی اوسط سے رنز بنائے ۔ سنٹر ل پنجاب کے حسن علی نے 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد صفی عبداللہ اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔