قائد اعظم ٹرافی کا کل سے ملک کے تین اہم مراکز پر آغاز

قائد اعظم ٹرافی کا کل سے ملک کے تین اہم مراکز پر آغاز

چھ فرسٹ الیون ٹیموں کے کپتان رواں برس بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرجوش

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کا پریمیئر فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کل سے ملک کے تین اہم مراکز پر شروع ہو رہا ہے جس میں شرکت کیلئے چھ ایسوسی ایشنز کے کپتان پرجوش ہیں۔31 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے پہلے پانچ راؤنڈ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے درمیان فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم ، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد ٹورنامنٹ 24 نومبر کو کراچی منتقل ہو جائے جہاں فائنل سمیت باقی میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔سندھ کے کپتان فواد عالم کے مطابق ان کا گذشتہ سال کا سفر منصوبے کے مطابق نہیں تھا لیکن اس سے سیکھنے کے بعد یقین ہے کہ رواں سیزن بہتر ہوگا۔بلوچستان کے کپتان عمران بٹ کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سیزن توقعات کے مطابق نہیں رہے لیکن نمایاں بہتری کے عمل کو جاری رکھنے کی کوشش کی کی جائے گی۔سینٹرل پنجاب کے کپتان اظہرعلی نے گزشتہ سیزن کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یقین ظاہر کیا کہ وہ اس سال مسلسل تیسرا فائنل کھیل کر ٹرافی جیتیں گے ۔خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم اعتماد سے لبریز ہے کیونکہ وہ پچھلے سال کی فارم کو اس سال تک کامیابی کے ساتھ بڑھانے میں کامیاب رہی ہے اور اس نے اپنی کرکٹ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھال لیا ہے ۔ ناردرن کپتان نعمان علی نے کہا کہ قائد اعظم ٹرافی وہ ٹورنامنٹ ہے جس میں اسٹارز بنائے جاتے ہیں اور یہ ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اپنا بہترین تاثر قائم کریں۔جنوبی پنجاب کے کپتان محمد عباس کے مطابق شروع سے ہی میچ پر غلبہ حاصل کرنا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے اور ٹورنامنٹ میں اچھا تاثر دینے کیلئے پنجاب ڈربی ایک اچھا پلیٹ فارم ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں